سر ی نگر : حریت کانفرنس ( ع) چیر مین میر واعظ مولوی عمر فاروق نے پوچھ گچھ کیلئے نئی دہلی میں واقع قومی تحقیقات ایجنسی این آئی اے کے ہیڈ کوارٹر میں حاضر ہونے کا فیصلہ کیاہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ این آئی اے کی یقین دہائی کہ نئی دہلی میں ان کی سیکوریٹی فراہم کیا جائے گا کے بعد لیا ہے۔ ان کے ساتھ کانفرنس کے دیگر اراکین جن میں پروفیسر عبد الغنی بٹ ، بلال غنی لون او رمسرور عباس انصاری بھی دہلی جائیں گے ۔ واضح رہے کہ ملی ٹینس سرگرمیوں کی مبینہ فنڈنگ کی جانچ کے سلسلہ میں این آئی اے نے میر واعظ کے نام تیسرا سمن جاری کر کے انہیں پوچھ تاچھ کیلئے این آئی اے ہیڈ کوارٹر نئی دہلی طلب کیاہے ۔ انہیں ۱۸؍ اپریل کو حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نوٹس میں اس بات بھی ذکر کیا گیا ہے کہ نئی دہلی میں ان کے تحفظ کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ دریں اثناء یہا ں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کا ایک اہم اجلاس اتوار کے روززیر صدارت حریت چیرمین میر واعظ فاروق کی رہائش گاہ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں این آئی اے کی جانب سے حریت چیر مین میر واعظ کو تیسری بار سمن جاری کر کے انہیں بطور شاہد نئی دہلی طلب کرنے کی کارروائی کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مذمت کی گئی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا مقصد میر واعظ کو ہراساں کرنا ہے۔