دو معیادوں میں رکن اسمبلی نے صرف لوٹ مچائی : مظفر علی خاں
حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) عظیم اتحاد کی تشکیل کا مقصد ٹی آر ایس کی آمرانہ حکومت اور اس کی دوست فرقہ پرست جماعتوں کو روکنا ہے۔کانگریس‘ تلگودیشم‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے اتحاد نے مجھے اپنا امیدوار منتخب کیاہے ۔ حلقہ ملک پیٹ بالخصوص عثمان پورہ ‘ کٹل گوڑہ‘ اعظم پورہ عوام سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کے تابناک مستقبل کیلئے عظیم اتحاد کو ووٹ دیں اور تلگودیشم کو کامیاب بنائیں۔ تلگودیشم امیدوار محمد مظفرعلی خان نے عثمان پورہ میں جلسہ سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔کانگریس قائدین محمد اعجاز خان‘ امجد خان‘ ظفراقبال او ردیگر نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ سال 2002 سے 2007 تک بحیثیت کارپوریٹر اعظم پورہ میں نے کروڑ ہاروپئے کے ترقیاتی کام انجام دئے ۔
جس میںعثمان پورہ میںواقعہ قبرستانوں کی حصار بندی بھی شامل ہے۔ مظفرعلی خان نے کہاکہ پچھلے نو سال میں رکن اسمبلی کو لوٹ کھسوٹ اور پریشان حال لوگوں کی ارضیات ہڑپنے سے فرصت نہیں ملی ۔ انہوں نے کہاکہ نو سال میںکروڑ ہا روپیوں کی دولت لوٹنے والے رکن اسمبلی تراشی پر اتر آئے ہیں اور جماعت کے صدر مسلمانوں کو متحدہونے کامشورہ دے رہے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ اتحاد رکن اسمبلی کو کروڑ پتی بنانے نہیں بلکہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیاجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2009 کے الیکشن میںبھی بی جے پی کا خوف دلا کر مسلمانوں کو گمراہ کیاگیا سال2014 اور اب 2018 میں دوبارہ بی جے پی سے ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پندرہ سال قبل ہی بی جے پی کو حلقہ ملک پیٹ سے صفایاکسی او رنے نہیںبلکہ چندرا بابو نائیڈو نے کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج اتحاد کے نام پر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والی جماعت کی خود ساختہ قیادت بانی مجلس قائد ملت نواب بہادر یارجنگ کے کارناموں کو فراموش کرچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے نوجوان نسل قائد ملت کے کارناموں سے واقف نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی جماعت کے دفتر میں قائد ملت کی چھوٹی تصویر لگائی ہے جبکہ مجلس کااحیاء عمل لانے کا دعوی کرنے والی لوگوں کی تصویریں بڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت کے اندر اتحاد قائم کرنے میںناکام رہنے والی خود ساختہ مسلم قیادت مسلمانوں میںاتحاد کے نام پر انتشار برپا کرنے کا کام کررہی ہے۔ محمد مظفرعلی خان نے کہاکہ میرا مقابلہ لینڈ گرابرس اور سود خوروں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری ایمانداری اور دیانت داری سے خوفزدہ ہوکر پچھلے آٹھ دنوں سے مقامی جماعت کے صدر گلی گلی گھوم پر اسلام کی دہائی دے رہے ہیں۔ مظفر علی خان نے کہاکہ 9 سال میں رکن اسمبلی نے ایک بھی ایسا کام نہیںکیاجس سے راست حلقہ ملک پیٹ کی عوام کا کوئی بڑا فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی جماعت کے رکن اسمبلی نئی عمارتوں کی تعمیر پر بلدیہ کے ذریعہ رکاوٹیںکھڑا کرتے ہیں اور جب تک معاملہ داری نہیں ہوجاتی دوبارہ تعمیر شروع ہونے نہیں دیتے ۔انہوں نے کہاکہ حلقہ ملک پیٹ کے عوام ان کے ظلم وزیادتی سے بدظن ہوگئے ہیں ۔ شکست کے خوف سے وہ اب مسلمانوں میںاتحاد کی دہائی دے رہے ہیں۔ محمدمظفرعلی خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے ووٹ دینے سے پہلے غور و فکر کریں اور سکیولر طاقتوں کو مستحکم کرنے عظیم اتحاد کے حق میںاپنے ووٹ کااستعمال کریں۔