نئی دہلی : یوگا گرو با با رام دیو نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی پر اگر جلد ہی قابو نہیں پایا گیا تو اگلے عام انتخابات میں مودی حکومت کیلئے یہ مہنگا ثابت ہوسکتا ہے ۔ رام دیو نے کہا کہ وہ ۲۰۱۹ء میں بی جے پی کی حمایت میں تشہیری مہم میں حصہ نہیں لیں گے ۔ ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی لوگ مودی حکومت کی تعریف کرتے نظر آرہے ہیں لیکن اب اس میں اصلاح کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی بہت بڑا مدہ ہے اور مودی جی جلد اس جانب توجہ دینی چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندرمودی کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی سرکار کیلئے تشہیر ی مہم میں حصہ نہیں لوں گا ۔ میں سیاست سے الگ ہوچکاہوں ۔ میں سبھی پارٹیوں کے ساتھ ہو ں۔رام دیو نے کہا کہ وزیر اعظم پر تنقید کرنا لوگوں کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے عصمت ریزیو ں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ عصمت ریزیوں کے خاطیوں کو سخت سزا دینی چاہئے ۔ان کی وجہ سے آج ہندوستان پوری دنیا میں بدنام ہورہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس کے روکنے کیلئے روزانہ یوگا کیا کریں ۔ ۵۲؍ سالہ رام دیو با با نے کہا کہ عریانیت بڑھتے جرائم کے لئے ذمہ دار ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں ماڈرن ہوں لیکن ماڈرنزم کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ عریانیت میں شامل ہوں ۔ ہم مہذب سماج میں رہ رہے ہیں ۔