مہلوک سپاہیوں کو محبوبہ مفتی کا خراج عقیدت

سرینگر 19 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر محبوبہ مفتی اور سینئر فوجی و پولیس عہدیداروں نے اوری میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں ہلاک فوجی جوانوں کو خراج پیش کیا اور گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے شہید سپاہیوں کے تابوتوں پر پھول مالا چڑھائے ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار کور لیفٹننٹ جنرل ستیش دوا اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کے راجیندر کمار ان سینئر سکیوریٹی عہدیداروں میں شامل تھے جنہوں نے ان سپاہیوں کے تابوتوں پر پھول مالا چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ چیف منسٹر نے بعد ازاں ان سپاہیوں کی عیادت بھی کی جو کل ہوئے حملے میں زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ جوان فوج کے 92 بیس ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ متوفی فوجی جوانوں کی نعشیں اب ان کے آبائی شہروں کو روانہ کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔