مہاراشٹرا :بس کھائی میں جاگری ‘33 ہلاک

کولہاپور / نوی ممبئی / پونے 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے رائے گڑھ ضلع میں ہفتہ کی صبح امبینالی گھاٹ علاقہ میں ایک خانگی بس کے ایک 500 فیٹ گہرے کھڈ میں گرجانے کے نتیجہ میں کم از کم 33 مسافرین کی ہلاکت کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ بس کونکن کرشی ودیا پیٹھ کے ملازمین کو لیجا رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ یہ لوگ مہابلیشور جارہے تھے ۔ بچاؤ ٹیمیں نعشوں کو نکالنے سرگرم ہوگئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ ایک شخص بس کی کھڑکی سے باہر آگیا تھا جسکی وجہ سے وہ اس حادثہ میں بچ گیا ۔ حکومت مہاراشٹرا نے اس حادثہ میںمرنے والوں کیلئے فی کس چار لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے اس کے علاوہ زخمیوں کے علاج کے اخراجات بھی حکومت برداشت کریگی ۔ کہا گیا ہے کہ اس بس میں 40 مسافرین سوار تھے ۔ حادثہ میں بچ جانے والے مسافر ساونت دیسائی کے بموجب دوران سفر بس ڈرائیور بس ایک لمحہ کیلئے مسافرین سے بات کرنے پیچھے مڑا تھا کہ بس کھڈ میں جا گری ۔ کہا گیا ہے کہ دیسائی اس حادثہ میں کھڑکی سے باہر آگیا تھا اور وہ ایک جھاڑ کی ٹہنی سے لٹک گیا تھا ۔ بعد ازاں وہ آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد سڑک پر آنے میں کامیاب ہوگیا اور پھر اپنے کالج کو اس حادثہ کی اطلاع دی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فرنویس ‘ کانگریس صدر راہول گاندھی نے اس حادثہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔