شاہجہاں پور : شر پسند عناصر نے با بائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو بھگوا رنگ میں رنگ دیا ۔ اس سے لوگوں میں ناراضگی ہے ۔وہیں کانگریس نے اس معاملہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی عظیم شخصیتوں کے ساتھ اس طرح کی حرکت کو غلط بتاتے ہوئے شر پسند عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ دوسری طرف یہ معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے افسران میں کھل بلی مچ گئی ۔
ذرائع کے مطابق شاہجہاں پور کے بنڈا گاؤں ڈھکا گھنشیام پور میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کو شر پسند عناصر نے بھگوا رنگ میں رنگ دیا جب کہ یہ مجسمہ سادہ اورسفید رنگ میں ہوتا ہے ۔اس معاملہ کو کانگریس کے ضلع صدر کوشل مشرا نے اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب سے بی جے پی حکومت بنی ہے تب عظیم رہنماؤں کے مجسموں کے ساتھ بد سلوکی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عدم تشدد کی علامت با بائے قوم مہاتما گاندھی کا قتل کرنے والے لوگ ان کے مجسمہ کو بھگوا رنگ میں رنگ دیا۔ آزاد ہندوستان میں تمام پارٹیوں کی حکومتیں بنیں مگر کسی بھی حکو مت نے ایسا کام نہیں کیا ۔
موشل مشرا نے کہا کہ مہاتماگاندھی کے مجسمہ کو بھگوا رنگ میں رنگا جانا قابل مذمت ہے ۔جن لوگوں نے یہ حرکت کی انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہ شہیدوں کی سرزمین ہے ۔او ریہاں اس طرح کی ذہنیت کے لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اس پورے معاملہ سے پارٹی کی اعلی قیادت کو واقف کروادیاگیا ہے۔