رہائش گاہ پہنچ کر سالگرہ کی مبارکباد ، کانگریس میں برقرار رہنے سابق وزیر کا عہد
حیدرآباد۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) سابق وزیر ایم مکیش گوڑ کی سالگرہ تقریب میں آج اُس وقت سیاسی ہلچل دیکھی گئی جب گریٹر حیدرآباد ٹی آر ایس کے صدر ایم ہنمنت راؤ اچانک سالگرہ تقریب میں شریک ہوئے اور ایم مکیش کو کیک کھلاکر مبارکباد پیش کی۔ دونوں قائدین کی ملاقات کی اطلاع ملتے ہی کانگریسی حلقوں میں سنسنی دوڑ گئی اور صدر پردیش کانگریس اُتم کمار ریڈی عجلت میں جام باغ میں واقع مکیش گوڑ کی قیام گاہ پہونچ گئے۔ انہوں نے مکیش کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور گاندھی بھون آنے کی دعوت دیتے ہوئے روانہ ہوگئے۔ واضح رہے کہ حالیہ دونوں مکیش گوڑ اور ڈی ناگیندر کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات گرم تھیں۔ ناگیندر نے شمولیت اختیار کرلی جبکہ مکیش نے کانگریس میں برقراری کا اعلان کیا۔ تقریبِ سالگرہ میں ٹی آر ایس قائد ہنمنت راؤ کی اچانک آمد اور مکیش سے ملاقات نے ان کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے متعلق افواہوں کو دوبارہ تیز کردیا ہے۔ گاندھی بھون میں اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں کے جائزہ اجلاس میں مکیش اور ان کے فرزند نے شرکت نہیں کی تھی، جس کے فوری بعد ٹی آر ایس قائد سے ملاقات پر دوبارہ چہ میگوئیاں کا آغاز ہوچکا ہے۔ اسی دوران مکیش نے سالگرہ کے موقع پر اپنے حامیوں کو اس بات کا اشارہ دیا کہ وہ بہت جلد اپنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کانگریس سے علیحدگی کوئی امکان نہیں ہے اور وہ بدستور کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا۔ پارٹی کارکنوں اور مکیش گوڑ کے حامیوں نے بھی بتایا جاتا ہے کہ آج کے اجلاس میں انہیں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ مکیش گوڑ نے کہا کہ کانگریس میں پسماندہ طبقات کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوئی ہے۔ مکیش گوڑ کی سالگرہ تقریب میں سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔