نئی دہلی ۔ /5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ریلائینس انڈسٹریز کے سربراہ مکیش امبانی آج پھر ایک بار ہندوستان کے سب سے زیادہ دولتمند شخص کی حیثیت سے ابھرے ہیں ۔ مسلسل 10 سال سے وہ ہی ہندوستان کے امیرترین صنعتکار برقرار ہیں جبکہ ملک کی معیشت انحطاط کا شکار ہے ۔ اس کے باوجود ان کی خالص دولت تقریباً 2.5 لاکھ کروڑ روپئے یعنی 38 بلین امریکی ڈالر ہے ۔ ان کے بعد ویپرو کے عظیم پریم جی ہیں جنہیں دوسرے نمبر پر دیکھا گیا ہے ۔ ان کی خالص دولت 19 بلین امریکی ڈالر ہے وہ گزشتہ سال کے مقابل دو درجہ اوپر اٹھے ہیں ۔ سن فارما کے دلیپ سنگھوی اپنے دوسرے درجہ سے نیچے اترگئے ہیں ۔ اب ان کا 9 واں مقام ہے جن کی دولت کا اندازہ 12.1 بلین امریکی ڈالر ہے ۔ فوربس میگزین نے سالانہ انڈیا کے متمول افراد کی فہرست 2017 میں یہ تفصیلات شائع کئے ہیں ۔ فوربس نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے معاشی تجربات نے ہندوستان کے کھرب پتیوں کو کوئی خاص نقصان نہیں پہونچایا ۔ مکیش امبانی کے چھوٹے بھائی انیل امبانی کو سب سے کم تر درجہ ملا ہے ان کا 45 واں مقام ہے جن کی دولت 3.15 بلین ڈالر ہے ۔ وہ 2016 ء میں 32 ویں مقام پر تھے ۔ پتانجلی ایوروید آچاریہ بالکرشنا نے جو یوگا گرو رام دیو کے قریبی آدمی سمجھے جاتے ہیں نے بڑی چھلانگ لگائی ہے ۔ گزشتہ سال وہ 49 ویں مقام پر تھے اب وہ 19 ویں مقام پر پہونچ گئے ہیں ۔ جن کی خالص دولت 6.55 بلین امریکی ڈالر ہے جو تقریباً 43,000 کروڑ ہوتی ہے ۔