فوربس کی فہرست میںپتانجلی ایورویدک بھی شامل
سنگاپور۔/22ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) ممتاز صنعت کار مکیش امبانی ، مسلسل نویں سال بھی ہندوستان کی امیر ترین شخصیت کا اعزاز حاصل کیااور ان کی دولت میں مزید 22.7 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ ادویات ساز کمپنی سن فارما کے دلیپ سنگھوی16.9 بلین ڈالر اضافی دولت کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ فوربس میگزین کی فہرست ’’ ہندوستان کی امیر ترین شخصیتیں ‘‘ میں ہندوجا خاندان نے 15.2بلین ڈالر کے ساتھ تیسرا مقام بنایا ہے۔پتانجلی ایورویدک کے آچاریہ بالا کرشنا جو کہ یوگا گرو رام دیو کے بااعتماد رفیق ہیں حیرت انگیز طور پر 2.5 بلین ڈالر کے ساتھ 48 واں مقام حاصل کیا ہے۔ امریکی بزنس میگزین نے بتایا کہ سرکردہ 100 امیر ترین ہندوستانیوں کی مجموعی دولت 281بلین ( تقریباً 25.5 لاکھ کروڑ ) ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو کہ2015 میں 345 بلین ڈالر تھی اس طرح 10فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ مکیش امبانی کی دولت گذشتہ ایک سال میں 18.9 بلین سے 22.7 بلین ڈالر(1.5 لاکھ کروڑ ) کا اضافہ ہوا ہے جبکہ ریلائنس انڈسٹریز کے حصص کی قیمت میں 21فیصد اضافہ کی بدولت انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے جنہوں نے حال ہی میں 4G موبائیل سرویس شروع کی ہے جبکہ وہ عالمی دولتمندوں کی فہرست میں 36ویں مقام پر ہیں۔ ان کے چھوٹے بھائی انیل امبانی 3.4 بلین ڈالر کے ساتھ 32ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ گذشتہ سال انہیں 29واں رینک حاصل ہوا تھا۔