ناظر رباط حسین محمد الشریف کی خصوصی دلچسپی ، 678 عازمین کو مفت قیام و طعام کی سہولت،21 سال میں ایک لاکھ عازمین کی خدمت
حیدرآباد ۔ 5۔ستمبر (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ میں نظام رباط کے ذریعہ سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین حج کی خدمت میرے لئے ایک اعزاز اور خوش قسمتی ہے۔ 1996 ء میں ناظر رباط کی حیثیت سے حکومت سعودی عرب کی جانب سے تقرر کے بعد جناب حسین محمد الشریف نے تقریباً ایک لاکھ عازمین حج و عمرہ کی خدمت انجام دی ہے جو کسی ریکارڈ سے کم نہیں ۔ ان سے قبل جناب شریف محمد ایڈوکیٹ نے 25 برس تک ناظر رباط کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے تھے اور ان کے فرزند اس تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جاریہ سال ناظر رباط نے عازمین حج کے قیام کیلئے دو عمارتیں حاصل کی ہیں جن میں نہ صرف مفت قیام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے بلکہ طعام اور دیگر سہولتیں بھی مفت فراہم کی گئی ہیں۔ ناظر رباط نے رمضان اور دیگر ایام میں عازمین عمرہ کی سہولت کیلئے آن لائین سسٹم کو متعارف کیا جس کے ذریعہ انہیں فوری طور پر اجازت نامہ دیا گیا اور انہیں اوقاف کمیٹی سے رجوع ہوکر اجازت نامہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے سابق ریاست حیدرآباد 21 اضلاع کے عازمین کیلئے اپنی خدمات کو برقرار رکھا ہے۔ جاریہ سال آن لائین قرعہ اندازی کے ذریعہ رباط میں قیام کیلئے عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ عزیزیہ میں درخواست دینے والے عازمین کو رباط میں قیام کیلئے علحدہ درخواست دینے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ رباط میں قیام کی صورت میں فی عازم تقریباً 47,000 روپئے کی بچت ہوتی ہے اور جاریہ سال دو عمارتیں حاصل کرتے ہوئے جملہ 678 عازمین کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس طرح نظام اسٹیٹ کے عازمین کی 3.2 کروڑ روپئے کی بچت ہوئی ہے۔ گزشتہ سال سے عازمین حج کیلئے مفت طعام کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور اس کا فیصلہ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کیا گیا۔ ناظر رباط کے مطابق حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 395 عازمین رباط میں قیام پذیر ہیں۔ حسین محمد الشریف نے نظام اسٹیٹ کے عازمین حج و عمرہ کی خدمات کے 21 سال مکمل کرلئے ہیں۔ 1996 ء میں حج اور عمرہ کے 1000 عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی ۔ 1997 ء میں 1000 ، 1998 ء میں 1060 ء 1999 ء میں 3888 ، 2000 ء میں 4913 ، 2001 ء میں 4978 ، 2002 ء میں 4972 ، 2003 ء میں 4370 ، 2004 ء میں 4831 ، 2005 ء میں 4519 ، 2006 ء میں 4398 ، 2007 ء میں 4535 ، 2008 ء میں 4539 ، 2009 ء میں 4802 ، 2010 ء میں 5278 ، 2011 ء میں 5783 ، 2012 ء میں 4085 ، 2013 ء میں 8099 ، 2014 ء میں 7929 ، 2015 ء میں 3865 اور 2016 ء میں 2579 عازمین حج و عمرہ کی خدمات انجام دی گئی ہے۔ رباط میں مقیم عازمین حج نے بتایا کہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے ، اس کے علاوہ کئی سہولتیں مفت حاصل ہے ، جن میں لاؤنڈری ، آئرن بورڈ ، صابن ، فری انٹرنیٹ ، وہیل چیر ، ایرکنڈیشن، بس سرویس، ہر فلور پر زم زم اور دیگر سہولتیں شامل ہیں۔ حسین محمد شریف آنے والے برسوں میں مزید عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور انہوں نے کہا کہ اس خدمت کے سلسلہ میں انہیں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی مکمل سرپرستی اور تعاون حاصل ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حج کمیٹی اور سنٹرل حج کمیٹی کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ حسین محمد الشریف روزانہ شخصی طور پر طعام کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ جاریہ سال عازمین حج کے انتخاب میں مکمل شفافیت سے کام لیا گیا اور انڈین حج سیل سے منظورہ لسٹ کا اپرول حاصل کرتے ہوئے قیام میں عدم دلچسپی رکھنے والے عازمین کی جگہ ویٹنگ لسٹ سے انتخاب کیا گیا ۔ ناظر رباط آئندہ سال 1284 عازمین کے قیام کی گنجائش کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ وہ ا پنی خدمات میں اس قدر توسیع کے خواہاں ہیں کہ نظام اسٹیٹ کے عزیزیہ زمرہ کے تمام عازمین کو رباط کی سہولت حاصل ہوجائے۔