مکہ مسجد بم دھماکہ کے کل 12سال ، سخت سکیورٹی

مسجد یکخانہ عنبرپیٹ کی صورتحال کے پیش نظر پولیس عہدیداروں کو چوکسی کی ہدایت

حیدرآباد۔/16مئی، ( سیاست نیوز) مکہ مسجد بم دھماکے کی 12ویں برسی کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ یکخانہ مسجد عنبر پیٹ سے پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر کل جمعہ کے موقع پر بھی پولیس کا سخت بندوبست رہے گا۔ حیدرآباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو پولیس اسٹیشن سطح کا انچارج بناتے ہوئے پولیس کمشنر نے احکامات جاری کئے ہیں۔18 مئی 2007ء کو تاریخی مکہ مسجد میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں مصلیان جاں بحق ہوگئے تھے اور اس کے بعد پولیس فائرنگ میں معصوم افراد شہید ہوگئے تھے۔ مکہ مسجد بم دھماکے کیس کے ملزمین کو این آئی عدالت نے گزشتہ سال بری کردیا تھا جس کے بعد مسلم طبقہ میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر کرائمس شیکھا گوئل کو ساؤتھ زون کا انچارج بنایا گیا ہے جبکہ بی ایس چوہان ایڈیشنل کمشنر لاء اینڈ آرڈر کو مجموعی طور پر انچارج بناتے ہوئے انہیں پولیس کمشنر کو حالات سے آگاہ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹرس ٹی مرلی کرشینا کو پولیس اسٹیشن سعیدآباد اور مادنا پیٹ کا انچارج بنایا گیا ہے۔(سلسلہ صفحہ 10 پر)

جوائنٹ کمشنر پولیس سنٹرل کرائم اسٹیشن مسٹر اویناش موہنتی کو گوشہ محل اور آصف نگر ڈیویژن کا انچارج بنایا گیا ہے۔ کمانڈنٹ سی پی ایل روی کمار کو میرچوک اور چارمینار ڈیویژنس کا انچارج بنایا گیا ہے جبکہ کمانڈنٹ ہوم گارڈز آئی آر ایس مورتی کو سنتوش نگر ڈیویژن کا انچارج بنایا گیا ہے۔ مسٹر محمد عبدالباری ایڈیشنل ڈی سی پی سی سی ایس کو عنبرپیٹ پیٹ پولیس اسٹیشن، جی جوگیا کو مغلپورہ اور بھوانی نگر پولیس اسٹیشنس کا انچارج بنایا گیا ہے۔ ایڈیشنل کمانڈنٹ سی پی ایل مرزا ریاض بیگ کو چارمینار اور مکہ مسجد کا انچارج بنایا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنران سی ایس ڈبلیو ایم کرشنا ریڈی کو ٹپہ چبوترہ، کلثوم پورہ، وی دیویندر کمار کو بم ڈسپوزل ٹیم انچارج، ایم سرینواس راؤ کو منگل ہاٹ، شاہ عنایت گنج جبکہ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سی سی ایس کے این وجئے کمار کو عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن ایسٹ زون اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سٹی ٹریننگ سنٹر این بی رتنم کو حسینی علم اور شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔