’مکونو‘ سمندری طوفان کا خطرہ، ساحل عمان پر ہائی الرٹ

دوبئی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سمندری طوفان ’مکونو‘ یمن کے جزیرہ سقطری سے ٹکرانے اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کے بعد خلیجی ریاست سلطنت عمان کے ساحل تک جا پہنچا ہے جہاں عمان کی حکومت نے ساحل پرہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔’العربیہ‘ کے مطابق سمندری حدود میں آنے والی ظفار گورنری اور دیگر ساحلی علاقوں میں اسپتالوں کو ہنگامی حالت سے نمٹنے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔عمان کی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کا دوسرا بڑا بین الاقوامی ہوائی اڈہ 24 گھنٹے کیلئے بند کردیا ہے جب کہ ساحلی علاقے میں ہنگامی حفاظتی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔حکومت نے شہریوں کو نشیبی علاقوں اور ساحل سمندر کے قریب جانے سے منع کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مکونو طوفان ہفتے کو علی الصباح ساحلی شہر صلالہ سے ٹکرائے گا۔ دو لاکھ آبادی والے اس شہر میں بھی نقصانات کا اندیشہ ظاہر کا جا رہا ہے۔