نئی دہلی 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہاکہ فی الحال حکومت نے مالیاتی شعبہ کی جانب زیادہ توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ بینکس نے مختلف چھوٹی کمپنیوں کو ’’مُدرا یوجنا‘‘ کے تحت 50,000 کروڑ روپئے بطور قرض دے رکھے ہیں۔ دلت تاجرین کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بینکس کی مُدرا یوجنا کے تحت 80,000 قرض خواہوں نے استفادہ کیا۔ ایس سی، ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقات کے علاوہ ایسی خاتون تاجرین جو چھوٹی تجارت کے ذریعہ اپنی روٹی روزی چلارہی ہیں، 50,000 کروڑ روپئے بطور قرض دیئے گئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ قرضہ جات کے علاوہ 14 کروڑ افراد کو روزگار بھی حاصل ہوا۔ ایس سی / ایس ٹی، انٹرپرینئرس کی نیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے صنعتیانے کے لئے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی طرز فکر کا حوالہ دیا اور کہاکہ قبل ازیں یعنی آزادی کے کئی سالوں بعد بھی ایس سی / ایس ٹی تاجروں کو بینکس سے قرض حاصل کرنا بہت ہی مشکل سمجھا جاتا تھا۔ نریندر وزیراعظم نے بی آر امبیڈکر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اُنھیں نہ صرف بابائے دستور ہند بلکہ ایک ماہر معاشیات بھی قرار دیا۔