نوح/میوات۔کانگریس پارٹی کے صوبائی نائب صدر وسابق وزیر ٹرانسپورٹ چودھری آفتاب کی قیادت میں کانگریس کے ایک وفد نے گذشتہ دنوں صوبہ راجستھان کے خطہ میوات کے گاؤں گھاٹ میٹکا کے مویشی تاجر عمر خان کی گاؤ رکشکوں کے ذریعہ کئے گئے قتل کے معاملہ میں منگل کو دہلی میں قومی اقلیتی کمیشن کے چیرمن سید غیور الحسن رضوی سے ملاقات کی اور عمر خان کے خاندان کو انصاف دلانے کا پرزور مطالبہ کیا۔
سابق وزیرٹرانسپورٹ چودھری آفتاب احمد نے میواتی مویشی تاجر عمر خان کے معاملہ میں ایک میمورنڈم بھی چیرمن کو سونپا۔میمورنڈم کے ذریعہ چودھری آفتاب احمد نے قومی اقلیت کمیشن سے عمر خان کے قتل معاملہ کی راجستھان حکومت سے اسٹیٹس رپورٹ مانگنے ‘ خاندان کو انصاف دلانے‘ مجرمین کو سزا دلانے ومتاثرین خاندان کو معاوضہ وسرکاری نوکری دینے جیسے مطالبات رکھے جس پر کمیشن کے چیرمن سید غیورالحسن رضوی نے کانگریس کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ کمیشن اس معاملہ میں راجستھان حکومت سے رپورٹ طلب کریگا او رمتاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لئے مضبوطی سے پہل کرے گا۔انہوں نے کہاکہ ایسے معاملوں میں کمیشن سخت اقدام اٹھائے گا او ر ملزمین کو ہرحال میں سز ومتاثرین کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑے گا۔
اس موقع پر وزیرموصوف چودھری آفتاب احمد نے ملک میں روز بروز بڑھ رہے فرقہ وارانہ فسادات کی وارداتوں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمیشن سے اس میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں گائے کی حفاظت کے بہانے مسلمانوں پر ڈھائے جارہے ظلم کوفوراً بند کیاجائے تاکہ مسلم مویشی تاجروں کو خوف کے ماحول سے نجات مل سکے۔وزیر موصوف نے ملک میں گائے کی حفاظت کے لئے ہورہی غنڈہ گردی کو حکومت کی ایک سوچی سمجھی سازش قراردیا۔
انہو نے کہاکہ بی جے پی حکومت ملک کی صدیوں پر انی گنگا جمنی تہذیب کو تارتار کرنا چاہتی ہے مگر کانگریس پارٹی بی جے پی کی اس سازش کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دے گی۔اس موقع پر سابق وزیر چودھری آفتا ب احمد کے ساتھ ان کے بھائی وصوبائی کانگریس کمیٹی کے رکن مہتاب احمد‘ حانی نعیم اقبال ‘ فیروز پور جھرکہ ‘ محمد رفیق ‘ دھولاوٹ ‘ مولانا حامد حسین ‘ شریف اڈبر ‘ اختر حسین ‘ چندینی ‘ ایوب خان سہراوت‘علی جان سرپنچ‘ حاجی شہاب الدین کیراکاوا سلم خان وغیرہ موجود تھے۔