مویشیوں کی فروخت پر امتناع کے خلاف حکومت کیرالا کا سخت موقف

جوابی قانون سازی کی تجویز ، بیف فیسٹول میں کانگریس کارکن کے بچھڑا ذبح کرنے پر تنازعہ

کنور / الاپزہا (کیرالا)۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کیرالا نے ذبیحہ کیلئے مویشیوں کی فروخت پر مرکز کی جانب سے امتناع کے جواب میں ایک نیا قانون متعارف کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ دوسری طرف کل احتجاجی مظاہرہ کے دوران یوتھ کانگریس کارکن کے برسرعام بچھڑے کو ذبح کرنے پر سیاسی تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے ۔ چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے کل وزیراعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مویشیوں کی فروخت پر امتناع کی شدید مخالفت کی تھی اور بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے علاوہ آر ایس ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست کی عوام کو کھانے کے اعداد و اطوار نئی دہلی یا ناگپور سے سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وزیر لوکل ایڈمنسٹریشن کے ٹی جلیل نے کہا کہ مرکز کے مویشیوں پر امتناع کے جواب میں ریاستی حکومت نیا قانون وضع کرسکتی ہے ۔ اپوزیشن کانگریس زیرقیادت یو ڈی ایف نے کل امتناع کے خلاف ’’یوم سیاہ‘‘ منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس دوران پولیس نے یوتھ کانگریس ورکر آر مکلتی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کنور میں بیف فیسٹول کے دوران کل برسرعام بچھڑا ذبح کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے ۔ کیرالا بی جے پی صدر کے راج شیکھرن نے اس واقعہ کا ویڈیو ٹوئٹر پر اپ لوڈ کیا اور کہا کہ ظلم اپنی حد کو پہونچ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی عام آدمی اس انداز میں حرکت نہیں کرسکتا ۔ کانگریس پارٹی نے اس واقعہ سے خود کو لاتعلق کرلیا ہے اور کہا کہ پارٹی کسی بھی شخص کی تائید نہیں کرتی جو قانون کی خلاف ورزی کرے لیکن یوتھ کانگریس کارکن جن کی قیادت میں یہ احتجاج کیا گیا تھا کہا کہ انہیں اس پر کوئی افسوس نہیں ۔ مکلتی نے کہا کہ یہ احتجاج کا حصہ تھا اور ہمیں اس پر کوئی افسوس نہیں ۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے برسرعام بچھڑا ذبح کرنے کی مذمت کی ۔
سبزی خوری مسلط کرنے سنگھ پریوار کی کوشش:سی پی آئی
تھرواننتاپورم ۔ /28 مئی (سیاست ڈاٹ کام)سی پی آئی نے ذبیحہ کیلئے مویشیوں کی فروخت پر امتناع کے سلسلے میں مرکز کے اعلامیہ کو سنگھ پریوار کی ’’ہندو راشٹرا‘‘ کیلئے سازش کا حصہ قرار دیا ۔ سی پی آئی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ سنگھ پریوار سبزی خوری مسلط کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ یہ ان کی ہندو راشٹر سازش کا حصہ ہے ۔ انہوں نے مرکز کے فیصلہ کو انتہائی غیردانشمندانہ قرار دیتے ہوئے مذمت کی اور کہا کہ پارٹی اس مسئلہ پر احتجاج کرے گی ۔