مولاناآزاد یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے والے پورے ملک میں نام روشن کرے گی : اشوک گہلوت 

جودھپور : مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور میں راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی تعمیرات کو دیکھ کر بے انتہا خوشی کا اظہار کیا او رکہا کہ اس یونیورسٹی کے ذریعہ جو نئی نسل تعلیم حاصل کرے گی وہ پورے ملک میں جودھپور وراجستھان کا نام روشن کرے گی ۔ انہوں مولانا آزاد یونیور سٹی کے قیام سے جڑے ہوئے اراکین کو مبارک باد پیش کی او رکہا کہ باوجود مخالفتوں کے انہوں نے بڑا کام کیا ہے۔

مسٹر گہلوت نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی کو آنے والی سڑک ابھی تک ناقص ہے ۔ او ر اس سے آنے والے طلبہ و طالبات کو تکالیف کاسامنا ہے ۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے اشوک گھلوت کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا او رکہا کہ آج اس یونیور سٹی کی بنیاد رکھنے والو ں نے اپنی آنکھوں سے اس کو ترقی کرتا ہوا دیکھ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اشوک جی کی آمد سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ تعلیم او رترقی کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئے ۔ مولاناآزاد یونیورسٹی جودھپور کا اسمبلی سے اپنے دور حکومت میں اشوک گہلوت نے صرف راجستھان نہیں بلکہ پورے مغربی ہندوستان کو ایک خانگی یونیورسٹی دی جو دن بہ دن ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔