چینائی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) رات بھر تقریباً 10 گھنٹے تک موسلا دھار بارش کے نتیجہ میں چینائی اور مضافاتی اضلاع کانچی پورم اور تری ولور میں معمولات زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگئے۔ اسکولس اور کالجس بارش کی وجہ سے 31 اکٹوبر سے بند تھے۔ اُنھیں چینائی، کانچی پورم اور تری ولور میں بھی بند کردیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب کل تک شمالی ساحلی ٹاملناڈو میں زبردست بارش کا سلسلہ جاری رہے گا کیوں کہ سری لنکا اور متصلہ جنوب مغربی خلیج بنگال میں ہوا کا کم دباؤ پیدا ہوا تھا جو اب جنوب مغربی خلیج بنگال میں سری لنکا اور ٹاملناڈو کے ساحل کے قریب مرکوز ہے۔ چنانچہ تری ولور، کانچی پورم اور چینائی میں آئندہ 24 گھنٹے تک زبردست بارش ہوسکتی ہے۔ بس، ٹرین، ٹیکسی، آٹو اور مضافاتی ٹرین خدمات بُری طرح متاثر ہوئیں۔ گزشتہ رات کئی مضافاتی علاقے بشمول مغربی مامبلم، گنڈی صنعت علاقہ زیرآب آگئے۔ زبردست ٹریفک جمود پیدا ہوا۔ گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔ گنڈی چوراہا، سیداپیٹ اور پورے بیلاچیری میں راج بھون تک گاڑیوں کی قطاریں تھیں۔ طیاروں کے پروازیں حسب معمول رہیں۔ چینائی اور ننگم باکم میں 18 سنٹی میٹر اور نیلم باکم میں 14 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمالی چینائی کے بعض علاقوں میں کئی جگہ پانی جمع ہونے کی شکایت وصول ہوئی ہے۔ ناگاپٹنم سے موصولہ اطلاع کے بموجب مسلسل بارش کی وجہ سے آج پانچویں دن بھی سینکڑوں مکان زیرآب آگئے۔