مودی ۔ ٹرمپ ملاقات انتہائی کامیاب : امریکی ماہرین

H – 1B ویزا پر دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے بات چیت کو ترجیح مثبت علامت

واشنگٹن ۔ 28 ۔ جون ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی ایک تجارتی مجلس نے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ اور ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ دونوں قائدین باہمی تجارتی تعلقات پر نظرثانی کریں اور اپنی پہلی ملاقات کے دوران انہوں نے جو نشانہ مقرر کیا تھا اس کی تکمیل کیلئے موثر اقدامات کریں ۔ تجارتی مجلس ایلائنس فار فئیر ٹریڈ وتھ انڈیا (AFTI) نے ٹرمپ اور مودی کے ان بیانات کا خیرمقدم کیا ہے جہاں انہوں نے ہند ۔ امریکی معاشی تعلقات میں بہتری کے مواقع موجود ہونے کی بات کہی تھی ۔ اے ایف ٹی آئی کے بیان کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی اور صدر ٹرمپ پر اس بات کیلئے زور ڈالا گیا ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے تجارتی تعلقات پر نظرثانی کریں کیونکہ اس طرح دونوں قائدین کے ذریعہ مقرر کئے گئے نشانہ کی تکمیل ہوسکتی ہے جن میں ٹکنالوجی ، عصری ٹکنالوجی کے ساتھ ساتھ زرعی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کو فروغ دینا بھی شامل ہے ۔ اے ایف ٹی آئی نے دونوں قائدین کے ذریعہ ٹریڈ اور سرمایہ کاری کی پالیسیوں میں بھی بہتری لانے کا بیان کا خیرمقدم کیا ۔ اس سلسلہ میں اے ایف ٹی آئی کے ارکان اپنا ہرممکنہ تعاون دینے تیار ہیں تاکہ ایک بامعنی اور بامقصد پالیسی کے اطلاق سے اصلاحات بھی کی جاسکتی ہیں جن کی آج اشد ضرورت ہے ۔ یاد رہے کہ دنیا میں ہر پالیسی ، منصوبہ ، حکمت عملی کو وقتاً فوقتاً بدلنے کی ضرورت پیش آتی ہے یا ان پر نظرثانی کی جاتی ہے ۔ سابق امریکی صدر بارک اوباما کے دور میں ہند ۔ امریکہ تعلقات کا ایک دور ہم دیکھے چکے ہیں لیکن اب ٹرمپ انتظامیہ ان تعلقات میں مزید اصلاحات کی خواہاں ہے ۔ دوسری طرف امریکی ماہرین نے بھی حالیہ مودی ۔ ٹرمپ ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے اسے اگلی سطح تک لیجانے کی سمت ایک اہم قدم بتایا ۔