ٹھاکرنگر ( مغربی بنگال ) 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنا ضلع میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلی کے دوران بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے نتیجہ میں کم از کم 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے تاہم اس کی توثیق نہیں ہوسکی ہے ۔ اس صورتحال کے نتیجہ میں وزیر اعظم کو اپنی تقریر مختصر کردینی پڑی ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کئی خواتین اور بچے زخمی ہوئے ہیں جب مودی مٹوا برادری کی ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران جو شرکا مقام کے باہر کھڑے ہوئے تھے وہ ریلی گراونڈ کے اندرونی حصے میں داخل ہونے دھکم پیل کرنے لگے جس کے نتیجہ میں وہاں بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ مودی نے بار بار شرکا سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور دھکم پیل کرکے اندر داخلہ کی کوشش نہ کی جائے تاہم ان کی اپیلوں کا شرکا پر کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ اندر کے حصے میں جہاں خالی جگہ تھی کرسیاں پھینکنے لگے ۔ اس بھگدڑ جیسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر اچانک ختم کردی اور کہا کہ انہیں ایک اور ریلی میں شرکت کرنی ہے ۔ وہ یہاں سے فوری روانہ ہوگئے ۔ بھگدڑ جیسی صورتحال میں کئی خواتین اور بچے غش کھا کر گرپڑے اور انہیں ابتدائی طبی امداد کیلئے دواخانہ منتقل کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم ابتداء میں عوام کے دھکم پیل کو ان کا جوش و خروش سمجھ رہے تھے لیکن بعد میں انہیں صورتحال کا احساس ہوا اور وہ صرف 15 منٹ میں یہاں سے واپس ہوگئے ۔