لکھنؤ ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس ایف کے برطرف کردہ جوان تیج بہادر یادو جنھوں نے مسلح افواج کو غیر معیاری غذا فراہم کرنے کی شکایت کی تھی، وہ مودی کے خلاف آزاد امیدوار کی حیثیت سے وارناسی سے مقابلہ کریں گے۔ بارڈر سکیورٹی فورسیس (بی ایس ایف) کے کانسٹبل یادو کو 2017 ء میں سوشل میڈیا پر ناقص غذا کی صیانتی افواج کو فراہمی کی شکایت کے بعد نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔ یادو نے آئی اے این ایس سے بات چیت کے دوران بتایا کہ ’’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں وارناسی سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے مودی کا مقابلہ کروں گا‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ سکیورٹی فورسیس میں بدعنوانی کا مسئلہ بھی اُٹھائیں گے۔ حکومت کے رویہ پر اظہار تاسف کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ’’مجھے اس لئے برطرف کیا گیا کہ میں نے سچ بات کہی تھی‘‘۔ اُنھوں نے بتایا کہ حتیٰ کہ جو پارلیمانی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس کے ایم ایم جوشی بھی ایک رکن تھے اس کمیٹی نے میری تائید میں رپورٹ دی تھی اس کے باوجود بھی مجھے نوکری سے نکال دیا گیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ انتخابی مہم چلانے کے لئے فنڈ کہاں سے لائیں گے تو اُنھوں نے اس کے جواب میں کہاکہ ’’میں لوگوں سے عطیہ لوں گا۔ میرے پاس روپیہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ وہ وارناسی کے سپاہیوں کے خاندانوں سے رابطہ میں ہیں جو انھیں ہی ووٹ دیں گے۔ یادو وارناسی میں اپنی نامزدگی داخل کرنے والے ہیں۔