مودی کا بی جے پی ورکرس سے خطاب، قوم سے مذاق

قومی جذبات سے کھلواڑ کرنے پر مایاوتی ، عمر عبداللہ اور اکھلیش یادو کی تنقید

لکھنو۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر بہوجن سماج پارٹی مایاوتی نے آج وزیراعظم نریندر پر شدید تنقید کی اور کہا کہ مودی نے ایک ایسے وقت بی جے پی ورکرس سے میگا ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا جب کہ ملک جنگ کے ماحول میں سانس لے رہا ہے ۔ مایاوتی نے مودی کے اس خطاب کو ’’ قومی جذبات کے ساتھ مذاق اور غداری قرار دیا ‘‘ ۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے موقع پر وزیراعظم مودی کو قومی سلامتی کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ بی جے پی کے’’ میرابوتھ سب سے مضبوط‘‘ پروگرام کے تحت مودی نے بی جے پی کے تقریباً ایک کروڑ ورکرس سے راست بات چیت کی ہے ۔ مایاوتی نے کہاکہ ایک ایسے وقت جب ملک کو جنگ کے حالات کا سامنا ہے اور ہندوستان کی قیادت کو چٹّان کی طرح قوم کے سامنے کھڑے رہنے کی ضرورت ہے وزیراعظم مودی بی جے پی کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ملک کی موجودہ حالات کے باوجود اپنی انتخابی مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں گرفتار کردہ ہندوستانی فضائیہ کے پائیلٹ کے بارے میں انہیں فکر نہیں ہے ، انہیں وطن واپس لانے کی کوشش نہیں کی گئی ، وزیراعظم کو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پائیلٹ کی واپسی کی فکر نہیں ہے ۔ عمر عبداللہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم مودی اپنی پارٹی بی جے پی کیلئے انتخابی مہم کو ترجیح دے رہے ہیں ، جب کہ ہونا تو یہ چاہیئے کہ پاکستان میں گرفتار ونگ کمانڈر ابھینندن کو آئندہ 24یا 48 گھنٹوں کے اندر وطن واپس لانے کی کوشش کی جاتی ۔

انہوں نے چہارشنبہ کے دن ونگ کمانڈر کی گرفتاری کے بعد اپنی تمام سرگرمیاں معطل کردی تھی ، اسی طرح وزیراعطم مودی کو بھی اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کرنا ہوگا اور گرفتار پائیلٹ کو واپس لانے کی کوشش کی جانی چاہیئے ۔ جب ملک کی سرحدوں پر کشیدگی پائی جاتی ہے تو قومی سربراہ کو سیاسی تقاریر پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہیئے ۔ سماج وادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی ملک کے حالات سے بے خبر ہوکر وزیراعظم نریندر مودی کے خطاب کو ترجیح دیتی رہی ۔ پارٹی ورکرس سے خطاب ضروری تھا یا قومی سلامتی پر غور کرنا ضروری ہے ۔ وزیراعظم مودی نے ملک بھر میں 15ہزار مقامات سے تعلق رکھنے والے بی جے پی ورکرس اور والینٹرس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی ۔ اکھلیش یادو نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ جب سارا ملک حکومت ہند کے ساتھ کھڑا ہے اور ہندوستان کو سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنا ہے لیکن بی جے پی بوتھ لیول ورکرس سے رابطہ قائم کرنے میںمصروف ہیں ۔ بی جے پی ورکرس بھی اپنی قومی قیادت کی حرکت پر شرمسار دکھائی دیتے ہیں ۔ یہ صورتحال بہت بری ہے ۔ ،سوٹ بوٹ والی بی جے پی سیاسی موج مستی میں مصروف ہے ، اس کی یہ حرکت قابل مذمت ہے ۔ ا یک اور ٹوئیٹ میں اکھلیش یادو نے کہا کہ پاکستان میں ہندوستانی پائیلٹ کی گرفتاری کے اندرون 24گھنٹے ہی دیگر 6بہادر ہندوستانی فضائیہ کے جوان ایک ہیلی کاپٹر حادثہ میںہلاک ہوگئے ۔ پوری قوم ان کی شہادت پرآنسو بہا رہی ہے لیکن وزیراعظم مودی ابھی سیاسی سرگرمیوں میںمصروف ہیں ۔