مودی نے ہندوستانیوں کو اپریل فول بنایا

اخبار ٹیلیگراف کے پہلے صفحہ پر مودی
کے وعدوں اور جھوٹ کا کچا چٹھا

نئی دہلی ۔ یکم / اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے انتخابی وعدوں پر عدم عمل آوری کو نشانہ بناتے ہوئے انگریزی اخبار ٹیلیگراف نے اپنے آج کے شمارے کا پہلا صفحہ مودی کے وعدوں اور جھوٹ کا کچا چٹھا کھولتے ہوئے مختص کردیا تھا ۔ اخبار نے لکھا کہ نریندر مودی نے ہندوستانیوں کو اپریل فول بنایا ۔ وزیراعظم مودی نے 2014 ء کے عام انتخابات کے دوران ہندوستانیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار دیں گے ۔ کسانوں کی ترقی کیلئے کام کریں گے ۔ رشوت کا خاتمہ کیا جائے گا اور ہندوستان میں امن و امان کی برقراری کو یقینی بنائیں گے ۔ ہندوستانیوں نے ان کے وعدوں پر یقین کرتے ہوئے انہیں ووٹ دیا تھا ۔ لیکن چار سال گزرنے کے باوجود انہوں نے اپنے وعدوں کو پورہ نہیں کیا ۔ اخبار ٹیلیگراف نے نریندر مودی پر مضمون لکھتے ہوئے ان کے وعدوں کا ذکر کیا اور ہندوستانیوں کو اپریل فول بنانے کا طنزیہ تبصرہ کیا ہے ۔