مودی نے القدس الشریف کی جھلک دیکھی

نتن یاہو نے اپنے مہمان ہم منصب کو ہوٹل کے دریچہ سے نظارہ کروایا
یروشلم ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجامن نتن یاہوسے ملاقات کے دوران ہوٹل کی کھڑکی سے دیوار گریا کی جھلک دیکھی اس مقام کو دنیا بھر کے مسلمان ’’القدس الشریف‘‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ عالیشان کنگ ڈیوڈ ہوٹل میں باہمی ملاقات سے قبل نتن یاہو نے مودی سے مصافحہ کے بعد کہا کہ ’’میں آپ کو (کچھ) دکھانا چا ہتا ہوں‘‘۔ اس طرح نتن یاہو اپنے مہمان مودی کو کھڑکی کی طرف لے گئے اور انگلی سے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کو قدیم (یروشلم) شہر کہا جاتا ہے اور وہاں دیوار گریہ یا بیت المقدس ہے۔ اس چٹان پر واقع گنبد صفرا کو ’’قباۃ المکرہ‘‘ کہا جاتا ہے جو اس ہوٹل کی کھڑکی سے صاف طور پر دکھائی دے رہی تھی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے ہندوستانی ہم منصب سے کہا کہ ’’یہ ہماری تاریخ کا جھولا ہے‘‘۔ مودی کھڑکی کا منظر دیکھتے ہوئے نتن یاہو کی طرف سے بتائی جانے والی تفصیلات کی پورے انہماک کے ساتھ بغور سماعت کررہے تھے۔ دیوار گریہ قدیم شہر بیت المقدس کی پہاڑی پر واقع ہے۔ یہودی، عیسائی اور اسلام جیسے تین آسمانی مذاہب کیلئے یہ یکساں طور پر انتہائی اہم اور مقدس مقام ہے۔ مسجد الاقصیٰ اور گنبد صفرا بھی اسی مقام کا ایک حصہ ہے۔