مودی میرے ’حقیقی دوست‘‘ :ڈونالڈ ٹرمپ

وائیٹ ہاؤز میں آج دونوں قائدین کی ملاقات اور وسیع تر بات چیت مقرر
واشنگٹن ۔ /25 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ان کے ’’حقیقی دوست‘‘ہیں ۔ وائیٹ ہاؤز میں کل ان کا خیرمقدم کیا جائے گا ۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیراعظم مودی کے درمیان اہم اسٹراٹیجنگ مسائل پر بات چیت ہوگی ۔ نریندر مودی آج صبح واشنگٹن پہونچے جہاں ان کا شاندار خیرمقدم کیا گیا ۔ وائیٹ ہاؤز میں کل دوپہر کو ٹرمپ سے ملاقات ہوگی ۔ اس کے بعد چوٹی مذاکرات بھی ہوں گے ۔ دوبدو ملاقات کے علاوہ اعلیٰ سطحی مندوبین کا اجلاس بھی منعقد ہوگا ۔ اس کے بعد استقبالیہ دیا جائے گا ۔ صدر ٹرمپ پہلی مرتبہ مودی کے ساتھ وائیٹ ہاؤز میں ڈنر کریں گے ۔ موجودہ امریکی نظم و نسق کے تحت مودی پہلے بیرونی لیڈر ہیں جن کو ڈنر دیا گیا ہے جس کو غیر معمولی اہمیت دی جارہی ہے ۔ مودی اپنے دورہ کے دوران امریکی کمپنیوں کے سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔