ویٹنام میں قدیم پگوڈا مندر اور ہوچی من کے مکان کا دورہ
ہنوئی ۔3 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج تاریخی پگوڈا مندر کا دورہ کیا ۔ وہ آبی سطح کی بلندی پر تعمیر کردہ اس گھر بھی گئے جہاں معروف لیڈر ہوچی من نے اپنی زندگی گزاری ۔ اس کے علاوہ ویتنام کے ہم منصب گویئن پاوان پھک کے ہمراہ مچھلی کے شکار سے بھی لطف اندوز ہوئے ۔ مندر میں بدھ راہبوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ تشدد ترک کرکے گوتم بدھ کی امن و ہم آہنگی کی راہ اختیار کرنے کیلئے ویتنام ایک مثال ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہند۔ ویتنام روابط 2000 سال قدیم ہیں۔ نریندر مودی 15 سال میں ویتنام کا دورہ کررہے پہلے ہندوستانی وزیراعظم ہیں اور انھوں نے دونوں ممالک اور سماج میں ان روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ قبل ازیں نریندر مودی نے ہوچی من کے صدارتی محل میں واقع مکان کا دورہ کیا جو پانی میں ستونوں پر تعمیر کردہ ہے اور ہوچی من نے 1958 ء سے لیکر 1969 ء میں موت تک یہیں قیام کیا تھا ۔