مودی اور ژی کی چہل قدمی ، کشتی میں سیر

پرفضاء ماحول میں چائے پہ چرچا

ووہان۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور چین کے صدر ژی جن پنگ نے آج یہاں پُرفضاء مشرقی جھیل کے کنارے چہل قدمی کی اور کشتی میں سیر کرتے ہوئے انتہائی اور پُرسکون ماحول میں ’’امن، خوشحالی اور ترقی‘‘ کیلئے بات چیت کی۔ مودی اور ژی نے باہمیت علقات کو بہتر بنانے اور ان میں حائل حساس مسائل کی یکسوئی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے مقصد پر مبنی اپنی دو روزہ غیررسمی چوٹی کانفرنس کے آخری مرحلے کی تکمیل کی۔ بعدازاں وزیراعظم مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’صدر ژی جن پنگ اور مَیں نے اپنے مذاکرات کا سلسلہ آج صبح بھی جاری رکھا… ہم نے ہمارے دو ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا‘‘۔ قبل ازیں یہ دونوں قائدین جھیل کے کنارے چہل قدمی اور پھر چائے نوشی کے دوران سرگرمی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ اس موقع پر مترجمین کے سواء اور کوئی ان کے ساتھ موجود نہیں تھا۔ مودی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’چائے پر سازگار بات چیت ہوئی۔ مستحکم ہند۔ چین دوستی ہمارے دونوں ملکوں کے عوام اور ساری دنیا کے لئے فائدہ مند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’صدر ژی جن پنگ کے ساتھ ہند۔ چین تعاون کے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ہم نے اپنے معاشی تعلقات کے فروغ اور عوام سے عوام کے رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ زراعت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سیاحت جیسے دیگر شعبے بھی ہماری بات چیت میں شامل تھے‘‘۔ مودی اور ژی نے اس پُرفضاء کنارے پر چہل قدمی کے بعد مشرقی جھیل میں ایک ہی کشتی کے ذریعہ امن، ترقی اور خوشحالی کے لئے سیر کی۔ مودی نے ٹوئٹر پر لکھا ’’ووہان کی بیش بہا شناخت سمجھے جانے والی خوبصورت مشرقی جھیل پر کشتی کی ایک یادگار سیر تھی‘‘۔ مشرقی جھیل شہر ووہان میں تازہ پانی کی سب سے بڑی جھیل ہے جو چین کی سب سے بڑی شہری جھیل بھی سمجھی جاتی ہے۔