مودی اور شاہ سازشیں رچناترک کریں

بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔ چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
امراوتی 2 جون ( پی ٹی آئی ) بی جے پی پر مخالفین کو استعمال کرتے ہوئے آندھرا پردیش کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امیت شاہ اگر ریاست کے خلاف سازشیں کرتے ہیں اس کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑے گی ۔ نائیڈو نے خبردار کیا کہ مودی اور امیت شاہ کہیں اور سازشیں رچیں اور اپنے تجربات کریں ۔ دوسری ریاستوں میں ایسا کیا جاسکتا ہے لیکن اگر وہ تلگو عوام کو اشتعال دلائیں گے تو عوام انہیں نہیںچھوڑیں گے ۔ دو ہفتے طویل نوا نرمان دیکشا پروگرام کے سلسلہ میں یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی جانب سے آندھرا پردیش کو ایک منظم انداز میں عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے پون کلیان ‘ وائی ایس آر کانگریس لیڈر جگن موہن ریڈی ‘ ٹی ٹی ڈی کے سابق سربراہ اے وی رمنا اور دوسروں کو استعمال کیا جا رہا ہے ۔ تلگو عوام اس کو برداشت نہیں کریں گے ۔ وزیر اعظم کے خلاف اپنی تنقیدوں کو جاری رکھتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ نریندر مودی کالا دھن واپس لانے میں ناکام ہوگئے ہیں جو بیرونی ممالک میں موجود ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہر ہندوستانی کے بینک اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کروانے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا ہے ۔ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے ملک کے معاشی نظام کو تباہ کردیا ہے ۔ جو نیا ٹیکس نظام رائج کیا گیا ہے اس میں عام آدمی کو ہراساں کرنے کے سارا سامان موجود ہیں۔