وزیراعظم ہند کے خصوصی دورہ کیلئے سرخ قالین و دیگر اہم انتظامات، ہندوستان کیساتھ مضبوط تعلقات کا اعادہ
واشنگٹن 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی کے دورہ وائٹ ہاؤز کے موقع پر شاندار سرخ قالین خیرمقدم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پیر کے دن وائٹ ہاؤز میں مودی کے عشائیہ کا اہتمام کریں گے۔ اس نظم و نسق کے تحت اس نوعیت کی پہلی ڈنر ملاقات ہوگی اور وزیراعظم مودی وائٹ ہاؤز میں ٹرمپ کے ساتھ ڈنر کرنے والے پہلے لیڈر ہوں گے۔ وائٹ ہاؤز نے اس خصوصی دورہ کو ایک خاص نوعیت سے تیاری کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے۔ وائٹ ہاؤز کے عہدیدار نے کہاکہ درحقیقت ہم سرخ قالین استقبال کی تیاری میں مصروف ہیں۔ مودی کی آمدک ے موقع پر وائٹ ہاؤز کے انتظامات کے بارے میں اخباری نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے عہدیدار نے بتایا کہ مودی اس نظم و نسق کے تحت ٹرمپ کے ساتھ ڈنر کرنے والے پہلے عالمی شخصیت ہوں گے۔ نریندر مودی آج رات امریکی کیپٹل پہونچ رہے ہیں۔ 3 روزہ دورہ کے دوران وہ وائٹ ہاؤز میں ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ پیر کی دوپہر سے دونوں قائدین ایک ساتھ کئی گھنٹے مختلف نشستوں کے موقع پر ملاقات کریں گے اور ان کے درمیان بات چیت ہوگی۔ دونوں کے درمیان دوبدو ملاقات کے بشمول، مندوبین سطح کی بات چیت، استقبالیہ اور ڈنر کے بعد اختتامی تقریب ہوگی۔ اس ملاقات کے دوران امریکی کی طرف سے نائب صدر مائیک پنس ، قومی سلامتی مشیر لیفٹننٹ جنرل ایچ آر میک مسٹر اور سکریٹری آف اسٹیٹ ایکس نیلرسن ڈیفنس سکریٹری ججس میٹس اور دیگر ہوں گے۔ مودی کے دورہ سے ہند ۔ امریکہ تعلقات میں مزید مضبوطی کی توقع ظاہر کرتے ہوئے عہدیدار نے کہاکہ دونوں ملکوں میں حکمت عملی کی شراکت داری کا یہ ایک اہم موقع ہے۔
ٹرمپ نظم و نسق کا بھی خیال ہے کہ دنیا میں ہندوستان طاقت کی ایک اچھی علامت ہے۔ ٹرمپ نظم و نسق نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ وہ ہندوستان کو نظرانداز کررہا ہے جبکہ ٹرمپ نظم و نسق کا احساس ہے کہ ہندوستان اس کے لئے ایک اہم ترین ملک ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ ہم ہندوستان پر توجہ نہ دیتے یا اس کو نظرانداز کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ امریکہ نے ہمیشہ ہی سے ہندوستان کی ستائش کی ہے اور صدر ٹرمپ بھی سمجھتے ہیں کہ ہندوستان اس دنیا میں ایک مضبوط طاقت ہے۔ اس کے ساتھ تعلقات اہمیت کے حامل ہیں۔ انھوں نے اس سوال کو مسترد کردیا کہ امریکہ کے نئے نظم و نسق نے چین کی حمایت کی ہے اور ٹرمپ بھی چین کی جانب جھکاؤ رکھتے ہیں تو ہند ۔ امریکہ تعلقات میں دوری پیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ کہنا غلط ہے میرا مطلب ہے ہم کو اقتدار پر آئے صرف 6 ماہ ہوئے ہیں۔ ان دنوں صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی کے درمیان فون پر دو مرتبہ نہایت ہی خوشگوار بات چیت ہوئی ہے۔ وائٹ ہاؤز میں مودی ۔ ٹرمپ ملاقات کے ایجنڈہ کے بارے میں بھی بتایا گیا کہ سیول نیوکلیر معاہدہ پر بات چیت ہوگی۔ امریکہ نے ہندوستان کی توانائی سلامتی میں نیوکلیر ری ایکٹرس کے تعاون کو یقینی بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
مودی کا دورۂ پرتگال اختتام پذیر
وزیراعظم کی امریکہ کو روانگی
لزبن ، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی آج امریکہ کیلئے روانہ ہوگئے جہاں وہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ پہلی بار دوشنبہ کو بات چیت کریں گے اور کل اتوار کو کمیونٹی استقبالیہ میں شرکت کریں گے۔ مودی نے پرتگال کو اپنا مختصر دورہ مکمل کیا (متعلقہ خبر صفحہ 3 پر)۔ فیس بک پر ایک بیان میں مودی نے کہا کہ اُن کا دو روزہ دورۂ واشنگٹن ٹرمپ کی دعوت پر ہورہا ہے۔ ٹرمپ اور ان کے کابینی رفقاء کے علاوہ مودی بعض ممتاز امریکی سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔