ادارہ سیاست کی خدمات کو خراج تحسین، زاہد علی خاں اور ظہیرالدین علی خاں کو مبارکباد، کے جیح کوشل پاٹل کاتاثر
حیدرآباد 9 ستمبر (سیاست نیوز) موجودہ دور میں مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کیا جارہا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے حسب سابق پروگرامس کی طرح شہر کے مرکزی مقام رائل ریجنسی گارڈنس آصف نگر میں 85 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام اپنی آب و تاب کے ساتھ منعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں اور رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس پروگرام کی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ بیرونی ریاستوں میں اس نے اپنی ایک شناخت بنائی ہے اس لئے آج دورہ حیدرآباد کے موقع پر جناب کے جی کوشل پاٹل سابق جج ممبئی ہائیکورٹ و رہنما لوک شاسن (موؤمنٹ) نے شرکت کی اور بہ نفس نفیس پروگرام کے مختلف خدوخال کا جائزہ لیا اور کاؤنٹرس میں کارکنان والدین کی جس طرح رہبری و رہنمائی پر سیاست اور ملت فنڈ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست کو مبارکباد دی اور کہاکہ موجودہ پُرآشوب ماحول میں اس طرح کہ پروگرام وقت کی ضرورت ہے اور ہم نے ریاست مہاراشٹرا میں بھی ایسے پروگرام کا آغاز کیا اور والدین کے ذہنوں کو موڑا کہ وہ لین دین کی شادی کے مزاج کو دور کرتے ہوئے جہیز کا لینا و دینا بند کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ جو صرف مال و پیسہ سے محبت کرتا ہے وہ کس طرح اپنی بیوی اور بچوں سے محبت کرے گا اور اُس کا شادی کرنا کہاں تک صحیح رہے گا۔ اس لئے انھوں نے حیدرآباد شہر جو ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب، رواداری، بھائی چارگی کا گہوارہ رہا جس کی مثالیں آج تک بھی دنیا بھر میں دی جاتی ہیں۔ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام کی صدارت جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کی اور مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب سعید بن محمد القعیطی پروپرائٹر رائل ریجنسی گارڈنس، سید لطیف الدین، جناب وقار خان نے شرکت کی۔ شہ نشین پر محمد تاج الدین (لوک آیوکت)، میر انورالدین، سید ناظم الدین، محمد ناظم علی، جناب شاہد حسین، ڈاکٹر ایوب حیدری، محی الدین قادری، الیاس باشاہ موجود تھے۔ جناب الیاس باشاہ نے خیرمقدم کیا اور سیاست و ملت فنڈ کی جانب سے منعقد ہونے والے 85 ویں پروگرام کی تفصیل سے واقف کروایا اور کہاکہ اس پروگرام نے دونوں شہروں اور ریاست ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان بنالی ہے۔ انھوں نے کہاکہ جس میں جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیرالدین علی خاں کی انتھک جدوجہد اور محنت کارفرما ہے۔ آج کے اس پروگرام میں رجسٹریشن کاؤنٹر لڑکوں اور لڑکیوں پر ہجوم دیکھا گیا جو اپنے ہاتھوں میں بائیو ڈاٹا اور فوٹوز لئے رجسٹریشن کروارہے تھے جن میں دونوں شہروں کے علاوہ مضافات اور اضلاع کے والدین اور سرپرست بھی شامل ہیں۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام جوکہ والدین کی رہبری و رہنمائی پروگرام کی خاص بات یہ بھی رہی کہ پروگرام کو راست ٹیلی کاسٹ کرنے کی فیس بُک، یو ٹیوب پر سہولت کی وجہ سے ملک ہی نہیں بلکہ بیرون ممالک سعودی عرب، آسٹریلیا، دوحہ، قطر، دوبئی اور دیگر ممالک میں مقیم حیدرآبادیوں نے اس پروگرام کو راست طور پر دیکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ پروگرام میں انجینئرنگ سیکشن میں میر انورالدین، زاہد فاروقی اور اُن کی معاونت محترمہ شہناز کررہی تھیں۔ اسی طرح میڈیسن میں ڈاکٹر دردانہ اور آمنہ، پوسٹ گریجویشن میں سید ناظم الدین، تسکین اور اقراء، گریجویٹ میں ناظم علی، سیدہ محمدی، مہ روز اور شبانہ، ایس ایس سی / انٹرمیڈیٹ / عالم و فاضل کاؤنٹر پر کوثر جہاں، رضیہ النساء، آمنہ، عقدثانی کاؤنٹر پر لطیف النساء، مہر اور آمنہ کے علاوہ تاخیر سے شادی کرنے والوں کے کاؤنٹر پر ثانیہ اور حیات حسین حبیب موجود تھے۔ سیاست اور ملت فنڈ نے اس پروگرام میں بھی والدین کے رشتوں کے طے ہونے میں آسانی پیدا کرنے کے لئے دعاؤں پر مشتمل ورقیوں کی تقسیم حسب سابق کی طرح کی گئی۔ اس کے علاوہ حضور اکرم ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر آخری خطبہ دیا اُس کا ترجمہ تلگو اور انگریزی زبان میں ورقیوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس دو بہ دو پروگرام میں ڈاکٹر انیس صدیقی صدر میناریٹیز انٹلکچول فورم ورنگل نے بھی شرکت کی اور پروگرام کے دیکھنے کے بعد اپنے تاثرات میں بتایا کہ حیدرآباد ہی نہیں اضلاع میں پروگرام کی کامیابی کا سہرا جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر کے سر جاتا ہے جن کی انتھک جدوجہد اور محنت کی وجہ سے یہ عالمی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیاکہ وہ ملت فنڈ اور سیاست کی جانب سے ورنگل میں بھی پروگرام منعقد کریں گے تاکہ وہاں پر جو والدین بے چین ہیں اُن کی پریشانی کو دور ہوسکے۔ اس کے علاوہ ممبئی سے آئے ہوئے مہمان سید لطیف الدین اور جناب وقار خان، جناب میر لیاقت علی ہاشمی (جدہ) نے بھی اس پروگرام کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد خوشنودی کا اظہار کیا اور جناب ظہیرالدین علی خاں کو مبارکباد دی۔ انتظامیہ نے اس موقع پر رائل ریجنسی گارڈنس آصف نگر کے مالک جناب سعید بن محمد القعیطی، محمد امجد حسین اور محکمہ پولیس سے بھی اظہار تشکر کیا۔ اس پروگرام میں شہر کے مختلف محلہ جات اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے والدین کی کثیر تعداد دیکھی گئی۔ آج کے اس دو بہ دو پروگرام میں لڑکیوں کے 231 اور لڑکوں 134 رجسٹریشن ہوئے۔ پروگرام کا آغاز حافظ و قاری سید محمد عبدالحمید سابق امام مسجد عالیہ گن فاؤنڈری کی قرأت اور ڈاکٹر ایوب حیدری کی نعت شریف سے ہوا۔ جناب الیاس باشاہ نے کارروائی چلائی اور 3بجے دن یہ پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔ اس کے باوجود بھی والدین کو دور دراز مقامات سے آتے ہوئے دیکھا گیا۔