متبادل شناختی دستاویزات قبول کرنے محکمہ ٹیلی کام کو ہدایت
نئی دہلی ۔ 2 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام) موبائیل سم کے حصول کیلئے آدھار کارڈ کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ مرکز نے ٹیلی کام کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ ڈرائیونگ لائیسنس ، پاسپورٹ اور ووٹر شناختی کارڈ جیسے متبادل دستاویزات قبول کئے جاسکتے ہیں۔ ٹیلی کام سکریٹری ارونا سندرا راجن نے کہاکہ آپریٹرس کو ان احکام پر فی الفور عمل آوری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین کو کوئی دشواری پیش نہ آئے ۔ یہ قدم اُس وقت اُٹھایا گیا جب مرکز کی سرزنش کرتے ہوئے کہا تھا کہ موبائیل نمبرس کو آدھار سے مربوبط کرنے کیلئے ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کے ذریعہ ’’استعمال کنندگان کی توثیق کے لزوم‘‘ سے متعلق اُس کے قبل ازیں جاری کردہ احکام کو ایک آلہ کار کے طورپر استعمال کیا جارہا ہے۔ عدالت عظمی پہلے ہی یہ واضح کرچکی ہے کہ سم کارڈس کے حصول کیلئے آدھار کی پیشکش اُس وقت تک لازمی نہیں ہوگی جب تک کہ اس مسئلہ پر کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا جاتا ہے ۔ سندرا راجن نے کہا کہ ’’وزارت نے تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے کسی بھی فرد کو جس کے پاس آدھار نمبر نہیں ہے سم کارڈ سے محروم نہ کیا جائے ۔ ہم اُن سے کہہ چکے ہیں کہ کے وائی سی ( اپنے گاہک کی پہچان ) کے لئے دیگر متبادل دستاویز قبول کریں اور سم کارڈس کی اجرائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے ‘‘ ۔ محکمہ ٹیلی کام کی طرف سے قبل ازیں جاری کردہ احکام کی بنیاد پر موبائیل کمپنیاں سم کارڈس کی اجرائی کیلئے اپنے گاہکوں سے آدھار نمبر کے لئے اصرار کررہی تھیں لیکن آج جاری کردہ ہدایات سے تمام صارفین بالخصوص اس ملک کا سفر کرنے والے بیرونی شہریوں اور غیرمقیم ہندوستانیوں کو راحت حاصل ہوگی جو اپنے پاس آدھار نہ ہونے کے سبب سم کارڈس سے محروم رہنے پر مجبور تھے ۔