حیدرآباد ۔ 21۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے منی کنڈہ میں 6 ایکڑ وقف اراضی پر 40 کروڑ روپئے کے مصارف سے عالمی سطح کا اسلامک سنٹر و کنونشن ہال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ NEET (نیٹ ) امتحان اردو میں تحریر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کیا ہے ۔ 21 کروڑ روپئے کے مصارف سے انیس الغرباء یتیم خانہ کی نئی عمارت تعمیر کرنے سرکاری اسکولس میں اردو ٹیچرس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کیلئے خصوصی ڈی ایس سی منعقد کرنے اور تاریخی مکہ مسجد کی ترقی کیلئے 8.48 کروڑ روپئے منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسمبلی اجلاس کے تین دن بعد چیف منسٹر کے سی آر نے مشیر اقلیتی امور حکومت تلنگانہ اے کے خاں ، سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل اور دوسرے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کرکے حیدرآباد کے منی کنڈہ میں 6 ایکڑ وقف اراضی پر 40 کروڑ روپئے کے مصارف سے عالمی سطح کا اسلامک سنٹر و کنونشن ہال تعمیر کرنے سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسلمانوں کے تمام پروگرامس کے انعقاد کیلئے اسلامک سنٹر کو یقینی بنانے خصوصی ڈیزائن تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرکے NEET کا امتحان اردو میں بھی انعقاد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ اردو ملک کی سب سے بڑی زبان ہے اور اس کے پڑھنے والے طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اردو میں NEET کا امتحان تحریر کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ۔ کے سی آر نے وزیراعظم کو روانہ کردہ مکتوب میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا گیا ہے اور مسلم طلبہ کو اردو زبان میں تعلیم حاصل کرنے کی حکومت کی جانب سے تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہے ۔ ملک کی کئی علاقائی زبانوں میں NEET امتحان تحریر کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ لہذا اردو کو بھی اس میں شامل کرنے کی اپیل کی ۔ قومی سطح پر ایک ہی تعلیمی نظام رائج کرنے NEET کا انعقاد کرنے کا چیف منسٹر نے خیر مقدم کیا ۔ انیس الغرباء یتیم خانہ کی 21 کروڑ روپئے سے ہمہ منزلہ عمارت تعمیر کرنے 4000 گز اراضی مختص کی ۔ چیف منسٹر نے اس کی تعمیر کیلئے بھی بہت جلد سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا اور فائیل پر آج دستخط کردی ۔ چیف منسٹر نے اردو میڈیم اسکولس اور کالجس میں مخلوعہ اساتذہ کی جائیدادوں پر تقررات کرنے خصوصی ڈی ایس سی منعقد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اعلامیہ جاری کریں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے حیدرآباد کی قدیم تاریخی مکہ مسجد کی ترقی اور تزین نو کیلئے 8.48 کروڑ روپئے منظور کرکے مسلمانوں کے مقدس عبادت گاہ کی ترقی کیلئے وسیع اقدامات کرنے پر بھی زور دیا ۔ ریاست کے تمام آئمہ موذنین کو دئیے جانے والے ماہانہ اعزازیہ ( مشاہرہ ) کو 1000 روپئے سے بڑھاکر 1500 کرتے ہوئے چیف منسٹر کی دستخط سے جی او جاری کردیا گیا ۔ آئندہ مالیاتی سال کے آغاز سے اس پر عمل آوری ہوگی ۔ فلک نما جونیر کالج کو ڈگری کالج کی حیثیت سے ترقی دینے احکامات جاری کئے ۔ ڈگری کالج کے قیام کیلئے 10 کروڑ روپئے منظور کئے ۔ مسلمانوں کو خصوصی آئی ٹی سیج کے قیام کیلئے ضرورت کے مطابق اراضی کی نشاندہی کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ریاست کے 17 میناریٹی جونیر کالجس اور 4 ڈگری کالجس کو جو سیلف فینانسنگ کورس کے تحت چلائے جارہے ہیں حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کرنے عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ سے کوئی فیس وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔