منیلا کے جوئے خانے میں فائرنگ ،دم گھٹنے سے 36 ہلاک

منیلا ۔ 2 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک بندوق بردار جس نے اپنی آٹو میٹک رائفل منیلا کے ایک جوئے خانے میں اندھا دھند چلاتے ہوئے افراتفری مچادی لوگ ادھر سے اُدھر بھاگنے لگے ۔ ہر طرف شور و غل تھا کیوں کہ وہاں موجود لوگ سمجھ رہے تھے کہ دہشت گرد حملہ ہوا ہے تاہم پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا اور اس واقعہ کو جوئے خانے میں سرقہ کی واردات سے تعبیر کیا لیکن بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد 36 افراد کی نعشیں ملی ہیں ۔ حملہ آور نقاب پوش تھا جس کا مقصد جوئے خانے میں داخل ہو کر رقومات کا سرقہ کرنا تھا ۔ رابرٹس ورلڈ منیلا نامی جوئے خانے میں لوگ چیخ و پکار کرتے ہوئے ادھر اُدھر بھاگنے لگے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ تمام لوگ دھویں کی وجہ سے دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے ۔ بندوق بردار نے کسی پر فائرنگ نہیں کی بلکہ بھگدڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا ۔ لیکن پولیس نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ منیلا پولیس کے سربراہ رونالڈ ڈیلا روزا نے یہ بات کہی ۔ حملہ آور نے صرف ایک ٹیلی ویژن اسکرین پر فائرنگ کی تھی لیکن اس کا نتیجہ ہلاکت انگیز ثابت ہوا کیوں کہ اس میں سے نکلنے والے زہریلے دھویں نے 36 افراد کی جان لے لی ۔