دیوار کی تعمیر ، پناہ گزینوں کی بازآبادکاری معطل اور اوباما کے تمام احکامات عاملہ کالعدم کردوں گا
واشنگٹن۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلیکن صدارتی امیدوار ڈونالڈٹرمپ نے آج ایک بار پھر یقینی لہجہ اپناتے ہوئے کہا کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں وائٹ ہاؤز میں ان کا پہلا دن مصروف ترین ہوگا کیونکہ انہیں وہاں سابق امریکی حکومت کی تمام نقصان دہ پالیسیوں کو کالعدم کرنے میں مصروف رہنا پڑے گا۔ شمالی کیرولینا میں کل ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اوول آفس میں ان کا پہلا دن مصروف ترین ہوگا کیونکہ موجودہ صدر بارک اوباما کی تمام خطرناک پالیسیوں کو کالعدم کرنے میں پورا دن گذر جائے گا جن میں شامی پناہ گزینوں کی بازآبادکاری کو معطل کرنا، اوباما کیئر کو کالعدم کرنا، نافٹا سے متعلق بات چیت کا دوبارہ آغاز، اوباما کے تمام احکام عاملہ کو کالعدم کرنا اور میکسیکو کی سرحد کے قریب دیوار کی تعمیر سے متعلق احکامات کا اطلاق شامل ہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ مندرجہ بالا تمام تبدیلیوں کے ساتھ وائٹ ہاؤز کے اوول آفس میں ان کے پہلے دن کا آغاز ہوگا۔ اپنی بات دہراتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سب سے پہلے ہم تمام غیرآئینی احکامات عاملہ کو منسوخ کردیں گے اور امریکی سرزمین پر قانون کا دوبارہ بول بالا ہوگا۔ لاقانونیت کیلئے کوئی گنجائش باقی نہیں رہے گی اور بعدازاں میکسیکو کی سرحد کے قریب دیوار کی تعمیر کی منصوبہ بندی پر عمل آوری ہوگی جس سے نہ صرف منشیات کے استعمال میں کمی ہوگی بلکہ امریکی نوجوانوں کے بگڑنے کے اندیشے بھی معدوم ہوجائیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ تو صرف ابتداء ہے۔ آگے آگے دیکھئے ہم کیا کریں گے۔ وہ کانگریس سے بھی اپیل کریں گے کہ اوباما کیئر کو منسوخ کرنے اور اس کے متبادل کیلئے انہیں (ٹرمپ) ایک بِل پیش کیا جائے۔
ٹرمپ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو خصوصی ہدایت کی جائے گی کہ شامی پناہ گزینوں کی آبادکاری کا سلسلہ فوری اثر کے ساتھ روک دیا جائے اور خطہ میں سیف زون کی تعمیر کا پروگرام فوری طور پر شروع کیا جائے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان تمام ممالک کو بھی ہدایت کریں گے جنہوں نے اپنے غیرقانونی اور خطرناک پناہ گزینوں کو واپس لینے سے انکار کردیا ہے اور جنہوں نے یہاں جرائم کا ارتکاب کیا ہے کہ اگر انہوں نے جرائم کے ارتکاب کا سلسلہ جاری رکھا تو وہ ہمارے آئندہ ویزا پروگرام تک رسائی حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔ اسی طرح تمام امریکی ایجنسیوں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ ایسے تمام بیکار اور ملازمت سے ہاتھ دھونے والے ریگولیشنس کی نشاندہی کریں۔ آج امریکی نوجوانوں کو ملازمتوں کی ضرورت ہے اور اب امریکی ملازمتیں باہر والوں کو حاصل نہیں ہوں گی۔ نافٹا شراکت داروں سے بھی معاہدہ کی تجدید کیلئے دوبارہ بات چیت کی جائے گی جبکہ ہم ٹی پی پی سے بھی دستبردار ہوجائیں گے اور ہم تمام ملازمتیں شمالی کیرولینا میں واپس لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہلاری کلنٹن نے نافٹا کی تائید کی۔ عالمی تجارتی تنظیم (ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن) میں انہوں نے (ہلاری) چین کے داخلہ کی حوصلہ افزائی کی اور ساتھ ہی ساتھ ٹی پی پی کی بھی تائید کی۔ ٹرمپ انتظامیہ تجارتی معاہدوں کو امریکی ورکرس کی جانب سے قطعیت دے گا ناکہ گلوبل کارپوریشنس کی جانب سے ۔ ہم شمالی کیرولینا کے تمام کسانوں کیلئے درکار زراعتی آلات کے حصول کو یقینی بنائیں گے تاکہ وہ بھی عالمی سطح پر زراعتی شعبہ میں پائی جانے والی مسابقت سے نمٹ سکیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آج پہلی مرتبہ دونوں امیدوار ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہونگے جہاں انہیں ایک دوسرے سے براہ راست سوال پوچھنے اور تنقید کرنے کا موقع ملے گا۔