ممتا بنرجی میں وزیر اعظم بننے کی صلاحیت ، نریندر مودی محمد بن تغلق کے جانشین : بی جے پی سینئر لیڈر یشونت سنہا 

کولکاتہ : وزیر اعظم نریندر مودی کا موازانہ محمد بن تغلق سے کرتے ہوئے بی جے پی سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے وجود کا اخلاقی جواز کھودیا ہے اور ضرورت اس با ت کی ہے کہ مودی حکومت کے خلاف مشترکہ او رمتحدہ طور پر جد و جہد کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اب تک لوک سبھا انتخابات لڑنے کے با رے میں سوچا نہیں مگر مستقبل میں کیا ہوگا وہ حالا ت پر منحصر ہے ۔

سابق وزیر خزانہ مسٹر سنہا نے کہا کہ نوٹ بندی کا فیصلہ سراسر غلط تھا ۔ اس سے ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم محمد بن تغلق کو صرف اس لئے جانتے ہیں کہ وہ بنا سوچے سمجھے فیصلہ لیا کرتا تھا لیکن آج یہی صورتحال وزیر اعظم نریندر مودی کا ہے ۔ یشونت سنہا نے کہا کہ مودی کے خلاف اہم چہرہ اور وزیر اعظم بننے کی صلاحیت ممتا بنرجی میں بدرجہ اتم موجود ہے ۔