شہریوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت، اسکولس اور کالجس بند
ممبئی29،اگست(سیاست ڈاٹ کام)ممبئی میں گزشتہ دوروز سے جاری مسلسل بارش نے سنگین صورت حال اختیار کرلی ہے اور یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ممبئی میں امسال کے مانسو ن کی سب سے بھاری بارش ہے جبکہ 25جولائی 2005کو ہونے والی طوفانی بارش کے بعد ہونے والی بھاری بارش ہے جس کی وجہ سے ممبئی شہر ڈوب چکا ہے اور شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ آمدورفت کے سبھی ذرائع بند ہوچکے ہیں۔ممبئی کی شہ رگ کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کے تینوں روڈ بند پڑچکی ہیں۔موسم محکمہ کے مطابق بھاری بارش کا سلسلہ جاری رہیگا اور 24 گھنٹوں تک بارش کاسلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور شہریوں سے کہا گیا ہے کہ اہم کام کے سبب ہی گھر سے باہر نکلیں ۔اسکول اور کالجوں کے طلباء کو چھٹی دے دی گئی ہے ۔سمندر میں مدوجزرہے اور 3.32 میٹر اونچی لہریں اٹھ سکتی ہے عوام کو چوکسی کی وارننگ دی گئی ہے۔ بارش 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ بحریہ نے کہا ہے کہ اس کے ہیلی کاپٹروں اور غوطہ خوروں کو کسی بھی ناگہانی واقعہ سے نمٹنے کیلئے چوکس کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس سے فون پر بات کرتے ہوئے صورتحال سے واقفیت حاصل کی اور ممکنہ مدد کا تیقن دیا۔