ممبئی ، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے پُرہجوم مضافاتی علاقے میں آج ایک 12 نشستی طیارہ حادثہ کا شکار ہوجانے پر 5 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ یہ مہاراشٹرا میں دو دنوں میں دوسرا فضائی حاثہ ہے۔ پولیس نے کہا کہ مہلوکین میں دو پائلٹس اور طیارہ میں سوار دو ایئرکرافٹ مینٹننس انجینئرز نیز گھاٹ کوپر علاقے کا ایک پیدل راہرو شامل ہیں، جہاں طیارہ گرپڑا۔ گزشتہ روز ناسک کے قریب ہندوستان ایروناٹکس لمیٹیڈ کے ایک سخوئی Su-30M طیارہ کا پائلٹ اور فلائٹ ٹسٹ انجینئر طیارہ حادثہ سے دوچار ہونے پر اُس سے بحفاظت نکل گئے تھے۔ ایک عہدہ دار نے بتایا کہ جو طیارہ آج دوپہر 1:00 بجے کے بعد جاگروتی نگر محلہ میں گرپڑا، وہ کبھی حکومت اترپردیش کا تھا اور یو وائی ایوئیشن میں فروخت کیا گیا تھا۔ کنگ ایئر C90 کے بارہ نشستی طیارہ نے ٹسٹ فلائٹ کیلئے جوہو ایئر اسٹرپ سے اُڑان بھری تھی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر شہری ہوابازی سریش پربھو نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سیول ایوئیشن کو اس طیارہ حادثہ کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈی جی سی اے عہدیداروں کی ٹیم ابتدائی تحقیقات کیلئے حادثے کے مقام کیلئے روانہ ہوچکی ہے۔ توقع ہے کہ تفصیلی انکوائری ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو کی جانب سے کی جائے گی۔ ایک بلدی عہدہ دار نے بتایا کہ جیسے طیارہ حادثہ کی اطلاعات موصول ہوئیںپولیس، فائربریگیڈ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مہلوکین کی نعشیں گھاٹ کوپر میں وہاں سے قریب واقع راجہ واڑی ہاسپٹل کو لے جائی گئیں۔