سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ٹرین مسافرین کو محفوظ نکال لیا گیا ۔ ایک ماہ کی بارش دس یوم میں ہوگئی
ممبئی ، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی والوں کیلئے اشد ضروری راحت میں بھاری بارش میں آج توقف ہے اور سب اربن ٹرین سرویس بحال ہوگئی، عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ لوکل ٹرین سرویس گزشتہ روز ٹریکس زیرآب آجانے کے سبب ویسٹرن ریلوے کے ایک حصے میں شدید متاثر ہوئی تھی۔ روڈ ٹریفک چار روز کی بھاری بارشوں کے بعد پُرسکون انداز میں چلنے لگی ہے جبکہ اس میگا سٹی میں بارشوں نے عام زندگی کو مفلوج کردیا تھا۔ صبح میں اول وقت سے ہی ٹرینیں مسافرین سے بھری ہوئی ہیں اور ویسٹرن ریلوے بعض روٹس پر اپنی سرویس محدود رفتار کے ساتھ چلا رہا ہے کیونکہ ٹریکس ہنوز زیرآب ہیں۔ اس دوران آج نلاسوپاڑہ اور وسئی روڈ اسٹیشنوں کے درمیان سیلابی پانی سے ریلوے ٹریکس زیرآب ہوجانے کے سبب پھنس جانے والے ٹرین مسافرین کا تخلیہ کرانے کیلئے نیوی کو بھی مشغول کردیا گیا ہے۔ ڈیفنس کے ترجمان نے آج صبح کہا کہ ویسٹرن ریلوے کی درخواست پر ویسٹرن نیول کمانڈ نے معیاری گاڑیاں فراہم کی ہیںجو سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے مسافرین کو راحت فراہم کرسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ محض 10 یوم میں شہر میں 864.5mm بارش ریکارڈ ہوئی ہے جو بالعموم پورے ایک ماہ میں ہونے والی بارش کے مساوی ہے۔ لوکل ٹرینیں جو ممبئی کی رگِ جاں سمجھے جاتے ہیں، گزشتہ روز نلاسوپاڑہ اور ویرار اسٹیشنوں کے درمیان معطل کردی گئیں، جس سے مصروف ویسٹرن لائن پر سفر کرنے والوں کو کافی زحمت اٹھانی پڑی ہے۔ ویسٹرن ریلوے کے ترجمان اعلیٰ رویندر بھاکر نے کہا کہ آج بڑی تعداد میں مسافرین ریلوے اسٹیشنوں کو پہنچے تاکہ لوکل ٹرینوں کے ذریعے اپنی منزلوں کو پہنچیں۔ اس لئے لوکل ٹرین سرویس کو محتاط انداز میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صبح 6.45 بجے ہم نے چرچ گیٹ (جنوبی ممبئی) اور بھینڈر (تھانے ڈسٹرکٹ) اسٹیشنوں کے درمیان 10kmph کی محدود رفتار کے ساتھ سرویس شروع کی۔ ترجمان نے کہا کہ ویرار اور دہانو روڈ (پڑوسی ضلع پالگھر میں) کے درمیان بھی سرویس شروع کردی گئی ہے۔ سینئر ریلوے عہدیداران سرویس کو بحال کرنے کی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ریلوے عہدہ دار نے کہا کہ اگرچہ نلاسوپاڑہ اسٹیشن (پڑوسی ضلع پالگھر میں واقع) کے قریب پانی کی سطح میں کمی ہوگئی ہے لیکن ہنوز یہ ٹرینیں چلانے کیلئے محفوظ سطح نہیں ہے۔ ’’ہماری سب اربن سرویس معمول پر واپس آرہی ہے، لیکن ریگولر سرویس کی بحالی تمام لائنوں پر محفوظ سطح تک پانی اُتر جانے کے بعد ہی کی جائے گی۔
سنٹرل ریلوے کے ترجمان نے بتایا کہ اس کی اصل لائن اور ہاربر لائن پر لوکل ٹرین سرویس آج 5 تا 10 منٹ تاخیر سے چل رہی ہے۔ گزشتہ روز کی موسلادھار بارش وسئی، نلاسوپاڑہ اور ویرار اسٹیشنوں میں سیلابی صورتحال کا سبب ہوئی جس کے نتیجے میں کئی طویل مسافتی ٹرینوں کی منسوخی ہوئی۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، پولیس اور فائر بریگیڈ پرسونل نے شتابدی اکسپریس اور وڈوڈرہ اکسپریس کے 2,000 مسافرین کو بچایا ہے۔ دریں اثناء ممبئی سب اربن کے نگران وزیر ونود تاوڑے شہر کو ناگپور سے واپس ہورہے ہیں جہاں وہ قانون ساز اسمبلی سیشن میں شرکت کررہے ہیں تاکہ موسلادھار بارشوں کے باعث میگاسٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔ وزیر موصوف توقع ہے کہ شہر کے بلدی ادارہ اور پولیس کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کریں گے اور مانسون کی پریشانی سے نمٹنے کیلئے جاری انتظامات پر غوروخوض کیا جاسکے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ مانسون کی آمد کے بعد سے ممبئی میں ابھی تک اسے درکار سالانہ بارش کا لگ بھگ 60 فیصد حصہ مل چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر اور اس کے پڑوسی علاقوں میں ہفتہ تک بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سل نے بھی کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بھاری تا بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔