ممبئی 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ دو دن سے ہوئی شدید بارش سے سات اہم جھیلوں میں پانی کی سطح میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ بلدی عہدیداروں نے آج کہاکہ ممبئی کو پانی کی سربراہی کرنے والی سات اہم جھیلوں میں پانی کی سطح میں اضافہ کا یہ مطلب ہے کہ ان کے پاس پانی کا کافی ذخیرہ ہے اور آئندہ ایک سال تک مقامی افراد کو پانی کی سربراہی میں کسی امکانی کٹوتی کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ اس شہر کو پانی سربراہ کرنے والی سات جھیلوں کے آبگیر علاقوں میں ہوئی شدید بارش سے یہ قابل لحاظ حد تک بھر گئے ہیں۔ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ہائیڈرالک انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ ان تمام سات جھیلوں میں درکار سربراہی آب کی جملہ مقدار کا 94.89 فیصد پانی ہے۔ ڈپارٹمنٹ کے ایک انجینئر نے کہاکہ ذخائر آب کے آبگیر علاقوں میں اچھی بارش ہوئی ہے جس سے تمام جھیلیں قابل لحاظ حد تک بھر گئی ہیں اور ہم کو آئندہ ایک سال تک پانی کی قلت کا سامنا نہیں ہوگا۔