ممبئی7جون (سیاست ڈاٹ کام )ممبئی میں آج صبح سویرے سے گھن گرج کے ساتھ تیزبارش کی وجہ سے مضافاتی علاقوںملنڈ،گھاٹ کوپر ،کرلا ،دادر پریل میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ کھار ،کرلا ،سائن اور ورلی میں سڑکیں زیرآپ تھیں۔حالانکہ میونسپل کارپوریشن نے نالوں کی صفائی اور پانی جمع ہونے کا دعویٰ کیا ،لیکن مانسون کی آمد سے قبل ہونے والی بارش نے شہر اور شہریوںکا بُرا حال کردیا ہے ۔ آج صبح گیارہ بجے سے بارہ بجے کے درمیان کرلا میں 15ایم ایم ،چمبور میں 13ایم ایم ،گورے گاؤں میں 26ایم ایم اور ملاڈ میں 18ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ۔شہر اور مضافات میں آئندہ 24گھنٹوں میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور 9 تا 12 جون کے درمیان طوفانی بارش کا امکان ہے ۔اس کا اثر شمالی ساحلی علاقوںبشمول ممبئی پر پڑسکتا ہے ۔ممبئی میں 10جون کو موسم باراں کی آمد ہوتی ہے ،لیکن دفتر موسمیات کے مطابق اس بار مانسون نے پہلے دستک دے دی ہے ۔