عمر عبداللہ ،شردیادو، یچوری کی بھی شرکت ۔ بی جے پی کی جوابی ترنگا ریالی میں چیف منسٹر شریک
ممبئی۔ 27جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) عروس البلاد ممبئی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر کانگریس ،این سی پی ،سماج وادی پارٹی سمیت متعدد جماعتوں نے ’’دستوربچاؤ ‘‘ ریلی نکالی ،جس میں کئی بڑے لیڈروں نے شرکت کی اور ملک کے موجودہ حالات میں دستورکے تحفط کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ فلم ’پدماوت ‘کی ریلیز کے خلاف ہونے والے تشدددستور پر فوقیت پانے کی کوشش ہے ۔سیاسی مبصرین کے مطابق دراصل یہ مظاہرہ دستور بچانے کے بہانے اپوزیشن اس ریالی کے ذریعہ اپنی طاقت کا مظاہر ہ کرنا تھاجبکہ بی جے پی نے اس کے جواب میں ’ترنگا یاترا‘کا انعقاد کیا ۔ چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپوزیشن کے مظاہرہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دراصل پارٹی بچاؤ ریلی ہے۔حزب مخالف کی دستوربچاؤ ریلی میں سی پی آئی کے ڈی راجہ،نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ،این سی پی کے سربراہ شردپوار اور اُن کی بیٹی سپریا سولے ،جے ڈی یو کے شردیادو،سی پی ایم کے سیتا رام یچوری ،کانگریس کے سنجے نروپم ،سماج وادی کے ابوعاصم اور ٹی ایم سی کے دنیش ترویدی کے ساتھ ساتھ گجرات کی سیاست میں ابھرے ہاردک پٹیل اور الپیش ٹھاکر بھی شامل ہوئے ۔دستو بچاؤ ریلی چر چ گیٹ کے نزد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ سے شروع ہوئی اور گیٹ وے آف انڈیا پر چھتر پتی شیواجی مہاراج کے مجسمہ پر ختم ہوئی ،جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ممبئی سمیت مہاراشٹر کے مختلف اضلاع میں ریالیاں نکالی گئیں۔اس ریلی کے کنوینر راجو شیٹی تھے ۔سابق وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوان ،سشیل کمار شنڈے ،پرفل پٹیل اور معروف وکیل اور سیاستداں رام جیٹھ ملانی نے ریلی سے قبل ایک جلسہ میں شرکت کی ۔ اس خاموش ریلی میں کوئی نعرہ نہیں لگایا گیا اورنہ ہی جھنڈے اٹھائے گئے ۔شیٹی نے کہا کہ اس ریلی کی منصوبہ سازی ایک ماہ سے جاری تھی۔واضح رہے کہ اس کے جواب میں مہاراشٹر بی جے پی نے ’ترنگایاترا‘کا انعقاد کیا اور الزام لگایا کہ سیاسی پارٹیاں اپنی ساکھ بچانے کیلئے اس قسم کی حرکتیں کررہی ہیں۔ترنگا یاترا دادرمیں چیتیہ بھومی سے صدر مہاراشٹر بی جے پی راؤ صاحب کی قیادت میں نکالی گئی جس میں فرنویس اور اعلیٰ پارٹی قائدین شریک ہوئے ۔