ملک گیر سطح پر ریاستوں میں یوم جمہوریہ تقاریب

آسام اور منی پور میں 7بم دھماکے ‘ دیگر ریاستوں میں پُرامن انعقاد ‘کشمیر میں 10سال میں پہلی بار موبائیل اور انٹرنیٹ کارکرد

نئی دہلی ۔ 26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) شمال مشرقی ریاستوں آسام اور منی پور میں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر آج سلسلہ وار 7بم دھماکے ہوئے ‘ تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں یوم جمہوریہ تقاریب کا پُرامن انعقاد عمل میں آیا ۔ اس موقع پر فوج کی طاقت کا اور ملک کے تہذیبی تنوع  کا مظاہرہ کیا گیا ۔ اُلفا کی مذاکرات کی مخالف تنظیم نے بالائی آسام میں پانچ ہلکی شدت کے پانچ بم دھماکے کئے جو اضلاع چارائیڈو ‘ سب ساگر ‘ ڈبروگڑھ اور ٹن سکھیا میں کئے گئے ۔ علاقہ میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ‘ تاہم عسکریت پسندوں نے دیسی ساختہ بم ایک نالی کے ذریعہ چائے کے باغ کے قریب نصب کئے تھے جہاں وہ دھماکہ سے پھٹ پڑے ۔ مشتبہ عسکریت پسندوں نے منی پور کے علاقوں امپھال شرقی و غربی کے علاقوں میں دو طاقتور بم دھماکے کئے ۔ ایک دھماکہ منتری پھوکری میں 69 سی آر پی ایف بٹالین بیارکس کے قریب امپھال شرقی میں ہوا ‘ کسی بھی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیںملی ۔ منی پور میں اینٹوں کی دیوار منہدم ہوگئی ‘ آندھراپردیش کے شہر وشاکھاپٹنم میں 100نوجوان بشمول تلگو اداکار سمپورنیش بابو کو پولیس نے حراست میں لے لیا کیونکہ وہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف عطا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خاموش جلوس نکال رہے تھے ۔ دیگر ریاستوں کے دارالحکومتوں میں گورنرس نے روایتی پریڈس کی سلامی لی ۔ چیف منسٹروں نے قومی پرچم لہرایا ۔ پریڈ میں فوج کی طاقت اور ملک کے تہذیبی تنوع کی جھانکیاں پیش کی گئی ۔ زرق برق لباس میں ملبوس فوجیوں نے پریڈ میں حصہ لیا ۔ رنگارنگ جھانکیاں بھی پیش کی گئی ۔ آسام میں چیف منسٹر سربانندا سونو وال نے آسام میں دھماکوں کے بعد کہا کہ حکومت شورش پسندی کے خلاف جنگ کرتی رہے گی اور عوام اس کے خلاف متحد ہیں ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ ہندوستانی جمہوریت کی ہٹلری طاقتوں کے خلاف حفاظت کی جائے گی ۔ پنجاب اور ہریانہ کے مشترکہ صدر مقام چندی گڑھ میں تقریب کے دوران بارش ہوئی ۔ میزورم کے گورنر لیفٹننٹ جنرل نربھئے شرما نے ریاست کی اراضی پالیسی کا آغاز کیا ۔ اروناچل پردیش کے گورنر وی شنمگاناتھن نے لڑکیوں کے خصوصی پروگرام ’’دلاری کنیا ‘‘کا آغاز کیا ۔ کیرالا کے گورنر بی ستاشیوم نے کہا کہ ڈھائی لاکھ گھرانوں کو برقی کنکشن دیئے جائیں گے ۔ آندھراپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کے راستہ پر ڈالیں ۔ کرناٹک کے گورنر وجو بھائی والا نے کہا کہ 2016-17ء کے درمیان اسمارٹ  سٹی مشن پراجکٹ کیلئے 776کروڑ روپئے جاری کئے جائیں گے ۔ دریں اثناء موبائیل فون اور موبائیل انٹرنیٹ خدمات جموں و کشمیر میں خلل اندازی کے بغیر کارکردرہیں  ۔