جموں و کشمیر ‘ شمال مشرقی ہند کی ریاستوں اور مغربی بنگال میںتقاریب پُرامن ‘ رنگارنگ جھانکیوں میں ثقافتی اور تہذیبی ورثاء کی نمائش
نئی دہلی۔26جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) متحرک پریڈیںاور رنگارنگ تہذیبی پروگرام اور جھانکیاں ریاستوں کے کارناموں اور ثقافتی روایات پر مشتمل آج ملک گیر سطح پر تمام ریاستوں کی یوم جمہوریہ تقاریب کی خصوصیت تھیں ۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ تاہم تمام تقریبات پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئیں ۔ ریاستی گورنرس نے دارالحکومتوں میں ترنگالہرایا اور فوری توجہ کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ جموں و کشمیر کے گورنر این این ووہرا نے جموں کے ایم اے اسٹیڈیم میں تقریب کی صدارت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے ۔ وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ پُرامن تعلقات کی پہل کی ہے۔ کشمیر میں ڈیویژنل کمشنر کشمیر اصغر سامون نے بخشی اسٹیڈیم سرینگر میں پریڈ کی سلامی لی ۔ ہڈیوں کو ٹھٹھرا دینے والی سردی کے باوجود وادی کے مختلف ضلعی ہیڈ کوارٹرس پر یوم جمہوریہ تقاریب میں شریک افراد کی کثیر تعداد دیکھی گئی ۔ یوم جمہوریہ تقاریب وادی کشمیر میں کسی ناخوشگوار واقعہ کے بغیر پُرامن طور پر اختتام پذیرہوئیں ۔ علحدگی پسندوں نے آج ’’ یوم سیاہ ‘‘ منانے کا اعلان کیا تھا ‘ حالانکہ دفاتر اور تجارتی ادارے تعطیل کی وجہ سے پہلے ہی بند تھے ۔ متعلقہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرس نے یوم جمہوریہ تقاریب کی صدارت کی ۔ پولیس ‘ سی آر پی ایف ‘ بی ایس ایف ‘ اسکولی بچوں کی پریڈ اور تہذیبی پروگراموں کا مشاہدہ کیا ۔
گورنر مہاراشٹرا سی ودیا ساگر راؤ نے شیواجی پارک ممبئی میں حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مہاراشٹرا کو کھلے مقامات پر حاجت سے فارغ ہونے سے پاک ریاست بنانے کی پابند ہے ۔ 50قصبے 2016 کے ختم تک ’’ سوچھ ‘‘ بنادیئے جائیں گے ۔ پٹنہ کے گاندھی میدان میں گورنر بہار رام ناتھ کوئند نے ترنگالہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نظم و ضبط اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار ہے ۔منظم جرائم کی روک تھام جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی ۔ ریاست میں کرپشن کو برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور بدعنوان افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے ۔ چندی گڑھ میں گورنر کپتان سنگھ سولنکی نے قومی پرچم لہرایا ۔ نائب وزیراعلیٰ سکھبیر سنگھ بادل نے تقریب کی صدارت کی ۔ چیف منسٹر پرکاش سنگھ بادل بیمار ہیں ۔ کولکتہ میں گورنر کے این ترپاٹھی نے ترنگا لہرایا ۔ فوج اور پولیس کی ریڈ روڈ پر پریڈ کی سلامی لی۔ رنگارنگ پریڈ اور جلوس جس میں جھانکیاں بھی شامل تھیں آج کے پروگرام کی خصوصیت تھی ۔ ان میں ریاستی حکومتوں کی ثقافت اور تہذیبی ورثاء کو اُجاگر کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی اور ان کے کابینی وزراء نے مغربی بنگال میں یوم جمہوریہ تقریب میں شرکت کی ۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ یا شورش پسندی کی اطلاع نہیں ملی ۔ گورنر ناگالینڈ پی بی آچاریہ نے روپوش ناگاگروپس سے تشدد ترک کرنے کی اپیل کی ۔ کوہیما میں گورنر نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی اور سماجی بہبود کیلئے امن لازمی شرط ہے ۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور سرحد پر دراندازیوں کی کوششوں کے باوجود ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں میںباہم مٹھائیوں کاتبادلہ ہوا ۔