شہری موبیلٹی کانفرنس سے نائب صدر وینکیا نائیڈو کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں کہا کہ ملک کے ہر شعبہ میں ایک بڑی انقلابی تبدیلی کا عمل جاری ہے اور اس عمل کو تیز رفتار بنانے کے لیے تمام متعلقین کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ ہندوستان ترقی کی سمت گامزن ہے ۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں تین لفظی ’ منتر ‘ دیا ہے جو ’ اصلاحات ، کارکردگی اور تبدیلی ‘ ہیں ۔ ہندوستان میں ایک بڑی تبدیلی رونما ہورہی ہے ۔ ہر شعبہ حیات میں ملک کے ہر شعبہ میں تبدیلی آرہی ہے لیکن تبدیلی کو تیز رفتار بنانا ہے ۔ عوام ، سرکاری ، خانگی شعبوں ، مرکز ، ریاست ، مجالس مقامی جیسے تمام متعلقین کو مشترکہ اور متحدہ مساعی کرنا چاہئے ۔ جس کے بعد ہی تبدیلی کا یہ عمل تیز رفتار ہوسکتا ہے ۔ نائب صدر وینکیا نائیڈو یہاں 10 ویں شہری موبیلٹی انڈیا ( یو ایم آئی ) کانفرنس و نمائش سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی دیگر معیشتیں اگرچہ سست روی کی شکار ہوئی ہیں لیکن ہندوستانی معیشت ترقی کررہی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جی ایس ٹی ، ٹیکس نظام میں انقلابی تبدیلی لارہا ہے ۔ درمیانے آدمی سے گریز کیا جائے گا ۔ رشوت پر قابو پایا جائے گا ۔ حکومت کو مزید آمدنی ہوگی اور عوام کی فلاح و بہبود پر حکومت مزید فنڈس خرچ کرنے کے قابل ہوگی ۔۔