نئی دہلی : ملک میں تقریبا ۱۶؍ کروڑ لوگ یعنی ۱۴؍ فیصد آبادی شراب پیتی ہیں ۔ او ران میں سے پانچ کروڑ لوگ شراب کے عادی ہوچکے ہیں ۔ نیشنل ڈرگ تشخیص مرکز او رنئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی ایک رپورٹ ’’ میگنی ٹیوڈ آف سبس ٹینس یو زان انڈیا ‘‘ میں یہ بات کہی گئی ۔ سروے کے مطابق شراب پینے والوں میں سے ۳۰؍ فیصد دیسی شراب اور ۳۰؍ فیصد انگریزی شراب پیتے ہیں ۔
سروے کے مطابق چھتیس گڑھ ، تریپور ہ ، پنجاب، ارونا چل پردیش او رگوا میں سب سے زیادہ شراب پیتے ہیں ۔ ان ریاستوں میں ۱۰؍ فیصد سے زیادہ آبادی شراب پیتی ہے ۔ سروے کے مطابق لوگ نشہ میں شراب ، بھنگ ، گانجہ ، کوکین ، ہیروئین او رمختلف کیمیائی اشیاء کا استعمال کرتے ہیں ۔ سروے کے مطابق تقریبا ۷۲؍ لاکھ لوگ نشہ سے چھٹکارہ پانا چاہتے ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے ۔ سروے کے مطابق قومی سطح پر ساڑے آٹھ لاکھ لوگ انجکشن کے ذریعہ کیمیائی اشیاء کا استعمال کرتے ہیں ۔