ملک میں نکلا خیر سگالی او رفرقہ وارانہ ہم آہنگی کاکارواں : خواجہ محمد شاہد 

کا نپور : یوپی رابطہ کمیٹی کے نومنتخب صدر سابق ڈی جی پولیس اتر پردیش جناب رضوان احمد صاحب کے اعزاز میں صدیق فیض عام انٹر کالج میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور یوپی رابطہ کمیٹی کے بائب صدر خواجہ محمد شاہد نے کہا کہ ملک کے حالا ت کو دیکھتے ہوئے تعلیم کے ساتھ بھائی چارہ پر خاص توجہ دلانے کی ضرور ت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ۱۹۹۲ء میں رابطہ کمیٹی نے اس وقت سید حامد سابق وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی قیادت میں تعلیمی کارواں نکالا تھا جب لوگوں میں مایوسی تھی ۔ کارواں کے ذریعہ عوام میں ہمت بندھائی ۔یوپی رابطہ کمیٹی نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، کاروان انصاف ، معیار تعلیم ، تکینی تعلیم و روزگار وغیر کارواں نکالے ۔اس وقت ملک کے حالات بد تر ہوتے جارہے تھے ۔ایسے میں اہل وطن کو یہ بتانا ضروری ہے کہ آزاد ی کے متوالوں نے ملک کے لئے کیا خواب دیکھے تھے ۔ خواجہ محمد شاہد مسلمان کیا سوچ کر یہاں رکے تھے ۔اس وقت تشخص کا سوال ہے جس پر تعلیم کے ساتھ جوڑ کر کام کرنے کی ضر ورت ہے ۔

انہوں نے خیر سگالی او رفرقہ وارانہ ہم آہنگی کارواں نکالنے اور اس کے ترسیل کے نئے ذرائع استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے جنرل سکریٹری امان اللہ خان نے یوپی رابطہ کمیٹی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تعلیمی ترقی معاشی خوشحالی او رسماجی بہتری کے لئے کام کرنے والی تنظیم ہے ۔ملک میں دوستی خیر سگالی او ربھائی چارہ کی فضا کی راہ ہموار کرنے کے لئے کوشاں ہے۔

انہوں نے اکتوبر میں نکالے جانے والے کارواں کا خاکہ پیش کیا ۔صدر کمیٹی رضوا ن احمد نے کہا کہ ہم آپسی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ساتھ اخلاقیات و معاملات پربھی زور دیں گے کیو ں کہ آج کل اس کی بات نہیں ہوتی ۔انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کو عبادت کا درجہ حاصل ہے۔پڑوسیوں او راہل وطن کابھی ہم پر حق ہے اسے ہمیں نہیں بھولنا چاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سماج سب کو ساتھ رکھنے والا سماج ہے او ریہی اسکی خوبصورتی ہے۔جسے ہمیں واپس لانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تعلیم کیساتھ تربیت پر بھی زور دینے کی ضرورت ہے ۔