ارریہ میں انتخابی جشن میں ملک مخالف نعرے والے مبینہ ویڈیو سے چھیڑ چھاڑ کا انکشاف
نئی دہلی : بہار کے ارریہ لوک سبھا ضمنی الیکشن میں بی جے پی ذلت آمیز شکست کے بعد سے ہی ایک ویڈیو وائرل ہوگیا ہے ۔
جس میں مبینہ طور پر دو نوجوانوں کو پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے دیکھاجاسکتاہے۔تاہم جب اس ویڈیو کا تجزیہ کیا گیا تو یہ پورا معاملہ مشکوک معلوم پڑتا ہے۔
آلٹ نیوز کے مطا بق جب اس ویڈیوکا آڈیو اڈیٹنگ سافٹ وےئر ’ آڈیسٹی‘ کے ذریعے تجزیہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس ویڈیو میں دومقامات پر آواز موجو د ہی نہیں ہے ۔
جس سے یہ شک پیداہوتا ہے کہ کسی نے بڑی چالاکی سے اس ویڈیو کی صوتی لہروں سے چھیڑچھاڑ کرتے ہوئے اس خالی مقام پر آواز ڈال دی ہے۔
اگر کوئی اس ویڈیو کو مخصوص سافٹ ویئر میں سنتا ہے تو اسے پیچھے سے گاڑی کی آواز سنائی دیتی ہے۔پیچھے دیگر آوازیں بھی آرہی ہے جنہیں سنا جاسکتاہے ۔اس ویڈیو او راس سے آرہی آواز کا کوئی میل نہیں ہے۔
آلٹ نیو ز کے مطابق ویڈیومیں لگائے جارہے ملک مخالف نعرے او راس ویڈیو میں مبینہ طور پر نعرہ لگانے والوں کے ہونٹ کی جنبش میں بھی کوئی میل نہیں ہے۔یہ بات بھی سمجھ سے باہر ہے کہ ایک شخص ملک مخالف نعرہ لگانے کے بعد اسے خود وائرل کیو ں کریگا۔