ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر، موسمی وباؤں سے بچنے احتیاطی تدابیر پر زور

مدھیہ پردیش، مشرقی مہاراشٹرا میں درجہ حرارت 43تا 46 ڈگری تک پہنچ جائے گا
نئی دہلی ۔ 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک خانگی ادارہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہیکہ ملک بھر میں اس ہفتہ شدید گرمی کی لہر جاری رہے گی، جس سے لاکھوں افراد کو گرمی سے متعلق وباؤں سے متاثر ہونے کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ ایکیوویدر کے ماہر موسمیات ایرک لیسٹر نے کہا کہ ’’ہندوستان بھر میں مقررہ وقت سے قبل غیرموسمی گرمی میں بھاری اضافہ ہوا ہے۔ مستقبل قریب میں بھی شدید گرمی کی اس لہر سے راحت کی کوئی توقع نہیں ہے۔ ہندوستان کے اکثر علاقوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری یا اس سے زائد رہے گا۔ تاہم ساحلی علاقوں اور شمال مشرقی ہندوستان کے ہمالیائی علاقوں میں گرمی کی لہر نہیں رہے گی۔ تاہم ساحلوں پر غیرمعمولی رطوبت سے موسم زیادہ گرم محسوس ہوگا۔ ملک کے بعض مقامات پر آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 41 تا 43 ڈگری سنٹی گریڈ تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ اس ہفتہ کے وسط اور اواخر تک چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور مشرقی مہاراشٹرا میں درجہ حرارت 43 تا 46 ڈگری سنٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ قومی دارالحکومت میں بھی اس سال شدید گرمی کی لہر کے اور اس سے ہزاروں افراد متاثر ہونے کے اندیشے ظاہر کئے گئے ہیں۔ بالخصوص اپریل تا جون  نئی دہلی میں معمول سے زیادہ گرمی کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران مختصر وقفوں میں ہواؤں اور ابرآلود مطلع کے سبب معمولی راحت بھی حاصل ہوسکتی ہے جو قلیل مدتی رہے گی۔ موسم گرما کے دوران ہندوستان بھر میں ہر سال سینکڑوں افراد فوت ہوئے ہیں اور گرمی کی لہر میں شدید اضافہ کی صورت میں یہ تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے۔ چنانچہ ماہرین نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ بالخصوص دھوپ سے بچنے، لو کے اوقات سڑکوں پر گھومنے پھرنے سے گریز، بکثرت پانی پینے اور دوپہر کے اوقات آرام کرنے پر زور دیا گیا ہے۔