مودی حکومت، غریبوں کی ہمدرد ، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کا دعوی
رانچی۔27 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر سے نکلائٹس تحریک کو جڑپیڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عہد کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ امید ظاہر کی ہے کہ مائوسٹ سرگرمیوں سے متاثرہ ریاستوں میں جھاکھنڈ پہلی ریاست بن جائیگی جو کہ انتہاپسندوں سے پاک ہوجائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جھارکھنڈ میں مائوسٹ مسئلہ کا حل تلاش کرلیا جائے گا اور اس مقصد کے لئے جھارکھنڈ جاگوار (خصوصی فورس) تشکیل دی گئی ہے۔ ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کا افتتاح کرنے کے بعد جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے مسٹر راجناتھ سنگھ نے جھارکھنڈ جاگوار فورسس کے کارہائے نمایاں کی ستائش کی اور کہا کہ شہید سپاہی نہ صرف جھارکھنڈ بلکہ پورے ملک کے لئے اپنا خون بہاتے ہیں انہوں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ایک بھی سپاہی کی موت کے واقعہ پر انہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کو کسک محسوس ہوئی ہے۔ وزیر داخلہ نے سکیوریٹی فورسس کو بنیادی سہولیات (انفراسٹرکچر) کی فراہمی کی ضرورت کو اجاگر کیا تاکہ فورسس کو فرائض انجام دیتے وقت کوئی مشکلات کا سامنا نہ ہوسکے۔ تاہم انہوں نے 2 سال قبل خصوصی انفراسٹرکچر اسکیم روک دینے پر اظہار تااسف کیا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس خصوص میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس ارون جیٹلی سے نمائندگی کی ہے۔ جنہوں نے مذکورہ اسکیم کے احیاء کا تیقن دیا ہے۔ انہوں نے یہ ادعا کیا کہ تعداد کے اعتبار سے نکسلائٹس گھٹتے جارہے ہیں اور ان کے بڑے گروپس اب کام کرنے کے قابل نہیں رہے لیکن چھوٹے چھوٹے گروپس پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ مائوسٹ نظریات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ایک طرف حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کررہی ہے دوسری طرف باغیوں کی جانب سے ان کے لئے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔ وزیر داخلہ نے یہ منطق پیش کی کہ اگر کوئی عوام اور غریبوں کا دشمن ہے تو وہ صرف مائوسٹ ہیں کیوں کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں جھارکھنڈ کی ترقی اور انسداد غربت کے لئے ممکنہ کوشش میں ہے۔ لیکن مائوسٹ تخریبی کارروائیوں کے ذریعہ اسے ناکام بنارہے ہیں۔ جس کے باعث ان کے اس دعوی کا قلعی کھل جاتی ہے کہ وہ غریبوں کے ہمدرد اور بہی خواہ ہیں۔ مائوسٹوں کو جمہوریت اور عوام کے دشمن قرار دیتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے کہا کہ غریبوں سے تعاون کے لئے وزیراعظم نے مفت گیس سلنڈر فراہم کیا ہے۔ لیکن مائوسٹ ان کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ انہوں نے نکسلائٹس مخالف مہم چلانے پر جھارکھنڈ پولیس کے سربراہ ڈی کے پانڈے کی ستائش کی اور یہ مشورہ دیا کہ سرحدی ریاستوں سے باغیوں کو گھیرنے کے لئے موثر تال میل پیدا کریں۔