معاشی جرائم کیس : شاہ رخ خان اور انیل کپور کو نوٹس

2 لاکھ انوسٹرس کو 20 ہزار کروڑ کا دھوکہ ، بومن، پوجا ہیگڈے ، ویویک اوبرائے کو بھی سائبرآباد پولیس کا سمن
حیدرآباد26 فروری (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے معاشی جرائم کے ایک کیس کے سلسلہ میں بالی ووڈ کے اسٹارس شاہ رُخ خان، انیل کپور، بومن ایرانی اور پوجا ہیگڈے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اُن سے کہا ہے کہ وہ معاشی جرائم کے شعبہ کے روبرو حاضر ہوں۔ یہ نوٹسیں کرکٹر یوراج سنگھ اور تلگو اداکار الو سریش کو بھی جاری کی گئی ہیں۔ ہانگ کانگ کی کمپنی Q-Net کے ساتھ ان کی وابستگی کے سلسلہ میں انھیں طلب کیا گیا ہے۔ اس کمپنی کے تعلق سے کہا جاتا ہے کہ ہمہ سطحی مارکٹنگ اسکام میں ملوث ہے۔ اِس نے زایداز 20 لاکھ سرمایہ کاروں کو مبینہ طور پر 20 ہزار کروڑ کا دھوکہ دیا ہے۔ یہ غار قانونی طور پر رقومات کی گشت اسکیم کے ذریعہ کیا گیا۔ یہ نوٹس دیگر 500 افراد کو بھی جاری کی گئی ہے جن میں پرموٹرس، شیئر ہولڈرس، ڈائرکٹرس اور چیف ایکزیکٹیو آفیسرس بھی شامل ہیں۔ تحقیقات کے دوران مختلف پوزیشنس پر اِن کے رول کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ بڑی شخصیتیں مختلف سطحوں پر کمپنی سے وابستہ رہے ہیں اور عوام سے کی گئی دھوکہ دہی کے لئے بھی یہ لوگ برابر کے ذمہ دار سمجھے جاتے ہیں۔ سائبرآباد پولیس سے تعلق رکھنے والے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ جن فلم اسٹارس کو نوٹس جاری کی گئی ہے انھیں شخصی طور پر حاضر ہوکر اِس کمپنی سے اپنی وابستگی کے بارے میں تفصیلات بیان کرنے اور انھیں کن بنیادوں پر مشاہیر دیئے جاتے تھے اِس کی بھی وضاحت کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ سائبرآباد پولیس نے کہاکہ یہ نوٹسیں تعزیرات ہند کی دفعہ161 کے تحت جاری کی گئی ہیں۔ جن دیگر فلم اداکاروں کو نوٹس جاری کی گئی ہے اِن میں ویویک اوبرائے، جیکی شراف بھی شامل ہیں۔