مطلقہ خواتین میں امدادی رقم کی تقسیم

وقف بورڈ کی جانب سے 58 لاکھ کی اجرائی ، بیواؤں کو ماہانہ وظائف کی تجویز
حیدرآباد ۔ 27 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے مطلقہ خواتین میں امدادی رقم کے بقایہ جات کے طور پر 58 لاکھ 71 ہزار 830 روپئے جاری کئے گئے۔ عدالت کے احکامات کے مطابق وقف بورڈ 351 مطلقہ خواتین کو ماہانہ گزارہ کے خرچ کے طور پر امداد جاری کر رہا ہے۔ گزشتہ 4 تا 8 ماہ سے بجٹ کی عدم اجرائی کے سبب یہ رقم جاری نہیں کی گئی۔ حکومت نے گزشتہ دنوں وقف بورڈ کو 20 کروڑ روپئے منظور کئے جس کے تحت مطلقہ خواتین کو امداد اور ائمہ اور مؤذنین کو اعزازیہ جاری کیا جارہا ہے ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج 30 خواتین کو امدادی رقم کا چیک حوالے کیا جبکہ دیگر خواتین کو امدادی رقم بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ ائمہ اور مؤذنین کے اعزازیہ کی رقم جلد جاری کردی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مطلقہ خواتین کی طرح وقف بورڈ سے بیواؤں کو ماہانہ وظائف مقرر کرنے کی تجویز ہے تاکہ مستحق اور غریب بیوائیں اپنی ضروریات کی تکمیل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور اوقافی جائیدادوں کا منشائے وقف غریبوں کی امداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر اور دیگر مہلک بیماریوں کے متاثرین کو بورڈ کی جانب سے 20 تا 25 ہزار روپئے امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ سے امراض کے علاج کے لئے امدادمیں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی آمدنی کو مسلمانوں کی بھلائی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس موقع پر بورڈ کے ارکان مرزا انوار بیگ اور ایم اے وحید کے علاوہ عہدیدار موجود تھے۔